وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا صوبائی سیمنٹ پالیسی لانے کا عندیہ

سیمنٹ پلانٹس کو طے شدہ طریقہ کار کے تحت لیز آوٹ کریں گے جن سرمایہ کاروں نے لیز کیلئے درخواستیں دی ہیں اُن کا آئندہ ہفتے اجلاس بلا رہے ہیں ، ہمارے پاس سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،پرویز خٹک کا اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب

بدھ 15 فروری 2017 23:40

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا صوبائی سیمنٹ پالیسی لانے کا عندیہ
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبائی سیمنٹ پالیسی لانے کا عندیہ دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ سیمنٹ پلانٹس کو طے شدہ طریقہ کار کے تحت لیز آوٹ کریں گے جن سرمایہ کاروں نے لیز کیلئے درخواستیں دی ہیں اُن کا آئندہ ہفتے اجلاس بلا رہے ہیں۔ ہمارے پاس سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

سرمایہ کاری کے منصوبوں کو شفاف طریقہ کار کے تحت پہلی فرصت میں سرمایہ کاروں کو پیش کریں گے ۔ہم نے اداروں کو بنانے میں بہت محنت کی ،سیاسی مداخلت ختم کی اور شفافیت یقینی بنائی ۔پروپیگنڈوں کے باوجود ہم نظام کی تبدیلی کے اہداف میں بتدریج آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہمارے اعصاب مضبوط ہیں ۔پروپیگنڈے ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ۔ہم ذہنی طور پر ان پروپیگنڈوں کیلئے تیار تھے ۔

(جاری ہے)

صوبے کا معاشی استحکام اور خوشحالی ہمارے اہداف ہیںجن کے حصول میں کسی سازش یا پروپیگنڈے کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاو رمیں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین ، سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر،صوبائی وزراء محمد عاطف خان،شاہرام خان ترکئی ، انیسہ زیب طاہر خیلی ،چیف سیکرٹری عابد سعید اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔

صوبائی وزیربرائے معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے اجلاس کو صوبے میں موجود سیمنٹ پلانٹس ، معدنی ذخائر کی ترقی اور دیگر متعلقہ پہلوئوں پر بریفینگ دی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم سیمنٹ پلانٹس کے سرمایہ کاروں کو شفافیت اور مکمل کلیئرٹی کے ساتھ پیش کش یقینی بنائیں گے ۔اس مقصد کیلئے پہلے سے طے شدہ فارمولے پر عمل درآمد کیا جائے جو میرٹ پر اُترتے ہیں اُنہی کو لیز دی جائے ۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جوڈیفالٹرز ہیں وہ اپنے واجبات ادا کریں ۔ہم ایک شفاف طریقہ کار چاہتے ہیں ۔ہم نے شفاف نظام قائم کیا ۔ اداروں کو با اختیار بنایا ۔سرمایہ کاروں کو مراعات دیں اور سرمایہ کاری کیلئے صوبے کی ساکھ بنائی کیونکہ جتنی زیادہ شفافیت ہو گی اتنا ہی سرمایہ کار آئیں گے ۔ موجودہ صوبائی حکومت کی شفاف پالیسیوں کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار خیبرپختونخوا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

ہمیں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو بروقت مارکیٹ کرنے کیلئے کام کی رفتا رکو مزید تیز کرنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے منرل ایکٹ کے رولز آف بزنس کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ۔ انہوںنے خام مواد کی غیر قانونی نقل وحمل اور چوری چکاری کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخو امیں اداروں کی مضبوطی اور نظام میں شفافیت کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

مخالفین کے پروپیگنڈے کے باوجود خیبرپختونخو اکی حکومت کی اچھی حکمرانی کے چرچے ہیں۔خیبرپختونخو امیں اصلاحاتی اقدامات اور اُن کے نتائج کا دُنیا بھر میں اعتراف کیا جا رہا ہے ۔ اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ ، میرٹ کی بالاد ستی اور شفافیت موجودہ صوبائی حکومت کی بہترین کاوش ہے۔اب ان کاوشوں کے مطلوبہ نتائج بھی سامنے آنے چاہئیں ۔

اداروں میں اصلاحات اور بہترین طرز حکمرانی کیلئے اقدامات کے پس پردہ اہداف کا حصول یقینی ہونا چاہیئے ۔عمران خان نے کہاکہ سی پیک کے تناظر میں خیبرپختونخوا کی اہمیت بہت زیادہ ہے ۔اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری آرہی ہے۔عمران خان نے صوبے میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو تیز رفتاری کے ساتھ صحیح طریقے سے پلان کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ خیبرپختونخوا کی قدرتی وسائل کی برتری کو معیشت کا استحکام بنا کر صوبے کو دیر پا ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ۔

عمران خان نے کہاکہ حکمرانی میں شفافیت بہت زیادہ اہم ہوتی ہے ۔اس عمل سے کوالٹی لوگ آگے آتے ہیں اور کوالٹی کام کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سرمایہ کار کبھی رکتے نہیں وہ موقع کی تاک میں رہتے ہیں جہاں اُن کے سرمایہ کو تحفظ فراہم ہو اور جہاں اُنہیں زیادہ ریٹرن کی توقع ہو وہ اُس طرف چلا جا تا ہے انہوںنے کہاکہ صوبے کی معیشت کومضبوط کرکے بیروزگار کو روزگارملتا ہے اور مجموعی طور پر خوشحالی آتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ صوبے کے سسٹم میں کرپشن کیلئے زیر و ٹالرنس اس کو دوسروں سے ممتاز بنا رہی ہے جتنا شفاف نظام ہو گا اُتنا ہی لوگوں کا اعتماد بڑھے گا اور اُتنی ہی زیادہ سرمایہ کاری ہو گی ۔