ملک میں دہشت گردی کی لہرکا پھر سے اٹھنا حکومتی پالیسیوں کی ناکامی ہے۔پرویز مشرف

بدھ 15 فروری 2017 22:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چئیرمین جنرل(ر) پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے پشاور میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی لہر کا پھر سے اٹھنا حکومت کی پالیسیوں کی ناکامی ظاہر کرتا ہے۔فوجی عدالتوں کو مزید توسیع اور پنجاب میں رینجرز کو آپریشن کی اجازت نہ دئیے جانے سے دہشت گردوں کے حوصلے بڑھے ہیں۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لئے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے حکومتی نرم رویہ سنجیدہ سوال ہے۔پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن کے لئے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا ضروری ہے،سمجھ نہیں آتا کہ فوجی عدالتوں کے مثبت نتائج ملنے کے باوجود ان کی معیاد میں توسیع کیوں نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

پنجاب میں رینجرز کو آپریشن کی اجازت نہ دینا بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ان اقدامات سے تاثر ملتا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کیاجارہا ہے۔ایسی صورتحال میں دہشت گردوں کے حوصلے بڑھ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک مرتبہ پھر سے دہشت گردی کی لہر کا شروع ہونا حکومتی پالیسیوں کی ناکامی ظاہرکرتا ہے۔انہوں نے پشاور میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :