راولپنڈی،اغوا برائے تاوان کے مقدمہ میں نامزد3ملزمان کی رہائی

بدھ 15 فروری 2017 22:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2017ء) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج کی عدم حاضری کے باعث ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نے ڈیوٹی جج کی حیثیت سے اغوا برائے تاوان کے مقدمہ میں نامزد3ملزمان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی ہے یہ روبکار سپریم کورٹ کے احکامات موصول ہونے پر جاری کی گئی ہے تھانہ آر اے بازار میں درج اغوا برائے تاوان کے مقدمہ میں نامزد ملزمان رحمان اللہ، محمد انیس اور یوسف کی رہائی کے لئے سپریم کورٹ کے احکامات انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میںپیش کئے گئے جہاں پر نئے جج کی تعیناتی نہ ہونے کے باعث یہ احکامات ڈیوٹی جج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی کے روبرو پیش کئے تو انہوں نے ملزمان کی رہائی کیلئے روبکار جاری کر دی،ملزمان کے خلاف پولیس نے 26مئی 2005کو شہری کے اغوا کے الزام میں مقدمہ درج کیاتھا ، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مقدمہ کی سماعت مکمل کرنے بعد عدالت نے 24فروری 2007 کوملزمان کو 2/2مرتبہ عمر قید اور جرمانہ کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف ملزمان نے عدالت عالیہ میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی عدالت نے اپیل خارج کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا جس پرملزمان نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی جہاں پرسپریم کورٹ نے 8فروری 2017 کو ملزمان کی اپیل منظور کرتے ہوئے بری کرنے کا حکم دیدیا، ملزمان کی جانب سے گزشتہ روزعدالت میں احکامات پیش کئے گئے تو رہائی کی روبکار جاری کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :