رائے ونڈ ،مسلح ڈاکوئوں کو پکڑنے کی کوشش میں دکان ملازم جان گنوا بیٹھا

بدھ 15 فروری 2017 22:08

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2017ء) ڈکیتی کرکے بھاگنے والے مسلح ڈاکوئوں کو پکڑنے کی کوشش میں دکان ملازم مالک کا نقصان بچاتے ہوئے اپنی جان گنوا بیٹھا ،نامعلوم ڈاکو بغیر نمبری موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،متوفی 25سالہ نوجوان ساجد علی نواحی قصبہ حویلی ملکاں والی کا رہنے والا تھا ،تفصیلات کے مطابق صدر انجمن کریانہ ایسوسی ایشن شیخ طاہر محمودکی تھوک کی دکان سندر روڈ پر واقع ہے ،جہاں سہ پہر کے وقت تین نامعلوم افراد گاہک بن کر آئے اور گھی چینی وغیرہ کا آرڈر دیتے رہے ،دکان میں رش کم ہوتے ہی انہوں نے سب کو ہینڈز اپ کردیا ،دکاندار طاہر کے بیٹے عقیل سے سیل کی تمام ہزاروں روپے کی رقم دراز سے نکال لی جبکہ ایک گاہک سے نقدی 15ہزار اور قیمتی موبائیل لوٹ کر فرار ہورہے تھے کہ دکان کے ملازم ساجد علی نے ان پر چھلانگ لگا کرقابو کرنے کی کوشش کی ،جس پر ڈاکوئوں نے اس پر فائر کھول دیا ،متوفی کو پیٹ پر چار فائر لگے اور وہ شدید زخمی ہوکر گرگیا جبکہ ڈاکو لوٹا ہوا مال لیکر فرار ہوگئے ،مقامی ایس ایچ او آصف خان موقع پر نہ پہنچ سکے ، ڈی ایس پی فتح احمد کاہلوں نفری کیساتھ آئے اور شدید زخمی ساجد کو لاہور جناح ہسپتال بھجوایا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ، ڈی ایس پی نے پولیس ٹیموں کو ملزموں کے تعاقب میں روانہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع پاکر صدر انجمن تاجران ،چیئرمین یوسی رائے ونڈ میاں مبشر حسین اور جنرل سیکرٹری بابر علی مونگا اپنے دیگر تاجر ساتھیوں سمیت موقع پر پہنچے ،تاجروں نے واقعہ پر شدید احتجاج کیا اور اسے پولیس کی ناقص کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا ،اس موقع پر رائے ونڈ کے شہریوں نے بتایا کہ رائے ونڈ سٹی پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام جارہی ہے ،تھانہ سٹی پولیس افسران کی توجہ جرائم کنٹرول کرنے کی بجائے مال بنانے پر زیادہ ہے ، انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات پولیس نے نواحی گائوں بابلیانہ میں شراب کشید کرنے والی ایک بھٹی پر چھاپہ مارا اور کئی ڈرم شراب برآمد کرلی ،بعد ازاں مک مکا کے بعد کچھ افراد کو رہاکرکے شراب کی کچھ مقدار کا مقدمہ درج کرلیا گیا ،قابل ذکر امر یہ ہے کہ بابلیانہ شراب کشید کرنے میں بدنام علاقہ ہے اور یہاں سب کچھ مقامی پولیس کی آشیر باد سے چلتا ہے ،تازہ واقعہ میں بھی شیر جوانوں کو ان کے حصے کا نوالہ نہیں ملا تو انہوں نے ریڈ کرڈالی ،اسی طرح رائے ونڈ کے نزدیکی علاقوں میں جواء ،شراب فروشی اور کوٹھی خانوں کی بھرمار ہے ،لیکن فرض شناس پولیس کو کبھی کچھ نظر نہیں آتا ،بلکہ وہ خود اس جرم میں حصہ دار بن گئے ہیں،اہلیان شہر نے رائے ونڈ تھانہ میں میں بار بار تعینات ہونے والے پولیس افسروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :