چیئرمین سینیٹ نے پی آئی اے کے طیارے کی جرمن کمپنی کو فروخت کی تحقیقات کا معاملہ سب کمیٹی کو بھجوا دیا

بدھ 15 فروری 2017 20:52

چیئرمین سینیٹ نے پی آئی اے کے طیارے کی جرمن کمپنی کو فروخت کی تحقیقات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے پی آئی اے کے طیارے کی جرمن کمپنی کو فروخت کی تحقیقات کا معاملہ ایوان بالا کی پی آئی اے کی پرفارمنس کمیٹی کی سب کمیٹی کو بھجوا دیا جو اگلے اجلاس میں اس حوالے سے رپورٹ ایوان میں پیش کرے گی۔ بدھ کے روز سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شاہی سید، سینیٹر میر محمد یوسف بادینی اور سینیٹر محمد یوسف نے توجہ دلائو نوٹس میں وزیر انچارج برائے ہوا بازی ڈویژن کی توجہ اس جانب مبذول کرائی تھی کہ پی آئی اے نے پیپرا قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جرمن فرم کو پی آئی اے ایئر بس A-310 قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے فروخت کر دی ہے جس پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ یہ 1992ء ماڈل کے چار جہاز ہیں جو 1993ء میں خریدے گئے تھے جو تقریباً 24، 25 سال پرانے ہیں۔

(جاری ہے)

ان جہازوں کو پرانا ہونے کے باعث فروخت کرنے کے لئے ٹینڈر دیا گیا لیکن کسی نے اس میں دلچسپی نہیں لی تاہم اس حوالے سے تحفظات سامنے آنے پر ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس سے 30 یوم میں رپورٹ طلب کی گئی ہے، 23 دن گذر چکے ہیں اور اگلے سات دنوں تک رپورٹ آ جائے گی، جیسے ہی رپورٹ آئے گی، ایوان کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد الله نے کہا کہ اس معاملے میں اچھی خاصی گڑ بڑ ہوئی ہے، میری تجویز ہے کہ اس معاملہ کو ایوان بالا کی پی آئی اے کی پرفارمنس کے حوالے سے قائم خصوصی کمیٹی کی سب کمیٹی کو بھیج دیا جائے جس پر چیئرمین نے معاملہ پی آئی اے کی پرفارمنس کے حوالے سے قائم کمیٹی کی سب کمیٹی کو بھجوا دیا اور اگلے اجلاس میں اس حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔