ملک سے دہشتگردی کا 100فیصد خاتمہ ممکن نہیں ، امن کی جیت ضرور ہوگی،پرویز مشرف کی غلطیوں کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں،لاہور حملہ پی ایس ایل کا فائنل رکوانے کیلئے کیا گیا

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 15 فروری 2017 19:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 فروری2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کا 100فیصد خاتمہ ممکن نہیں تاہم امن کی جیت ضرور ہوگی،پرویز مشرف کی غلطیوں کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں،لاہور حملہ پی ایس ایل کا فائنل رکوانے کیلئے کیا گیا۔وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں جہاں جہاں ضرورت پڑی،انسداد دہشتگردی فورس کے ذریعے آپریشن کیا گیا،چھوٹو گینگ کا خاتمہ کیا گیا،باقی بھی جہاں جہاں دہشتگرد یا ان کے سہولت کار موجود تھے،کارروائی کی گئی،پنجاب حکومت اگر مناسب سمجھے گی تو رینجرز کو بھی بلاسکتی ہے۔سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ دہشتگردی ہورہی ہے،پاکستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے ہمسایہ ملکوں کا ہاتھ ہے،دشمن سی پیک کوکامیاب ہوتا نہیں دیکھ سکتے،لاہور حملہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونے سے رکوانے کیلئے کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ مشرف دور کی گئی غلطیوں کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں،دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں تاہم جیت امن کی ہی ہوگی۔…(خ م+ار)