افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی دفتر خارجہ طلبی، افغانستان میں جماعت الاحرار کی محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان میں مسلسل دہشت گردحملوں پر گہری تشویش کا اظہا کیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 15 فروری 2017 19:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کر کے افغانستان میں جماعت الاحرار کی محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان میں مسلسل دہشت گردحملوں پر گہری تشویش کا اظہا کیا گیا۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری (یو این و یورپین کمیشن)نے بدھ کو افغانستان کے مشن کے نائب سربراہ سید عبدالناصر کو دفتر خارجہ طلب کیا اورافغانستان کے اندر دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کی محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان کی سرزمین پر مسلسل دہشت گرد حملوں پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر افغان مشن کے نائب سربراہ کی توجہ پاکستان کی جانب سے افغانستان کو فراہم کردہ انٹیلی جنس معلومات کی طرف بھی دلائی گئی جس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔افغان حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے علاقے سے آپریٹ کرنے والے دہشت گردوں،انکی محفوظ پناہ گاہوں اور انہیں مالی امداد دینے والوں کے خاتمہ کیلئے اقدامات کرے۔افغان مشن کے نائب سربراہ کو دہشت گرد حملوں اور دیگر متعلقہ تفصیلات بھی فراہم کی گئیں۔