نائب افغان ناظم الامور کی وزارت خارجہ طلبی

پاکستان کا جماعة الاحرار کی جانب سے افغان سرزمین سے پاکستان میں مسلسل حملوں پر احتجاج افغانستان اپنی سر زمین سے دہشتگردوں ، انکی پناہ گاہوں اور منصوبہ سازوں کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے ، دفتر خارجہ

بدھ 15 فروری 2017 18:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) پاکستان نے جماعة الاحرار کی جانب سے افغان سرزمین سے پاکستان میں مسلسل حملوں پر احتجاج کرتے ہوئے افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سر زمین سے دہشتگردوں ، انکی پناہ گاہوں اور منصوبہ سازوں کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق افغانستان کے نائب ناظم الامور سید عبد الناصر یوسفی کو وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کی جانب سے دفتر خارجہ طلب کیا گیا ۔

(جاری ہے)

نائب افغان ناظم الامور کو پاکستانی سر زمین پر دہشتگرد تنظیم جماعة الاحرار کے مسلسل حملوں پر پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ دہشتگرد تنظیم افغانستان کے اندر اپنی پناہ گاہوں سے پاکستانی سر زمین پر حملے کر رہی ہے ۔ افغانستان کے نائب ناظم الامور کی توجہ پاکستانی حکام کی جانب سے قبل ازیں افغانستان کے ساتھ شیئر کی جانیوالی قابل کارروائی انٹیلی جنس کی جانب مبذول کروائی گئی اور افغانستان پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی سر زمین سے دہشتگردوں ، انکی پناہ گاہوں، مالی مدد فراہم کرنیوالوں اور منصوبہ سازوں کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے ۔ دہشتگرد حملوں کی تفصیلات پر مبنی مراسلہ بھی نائب افغان ناظم الامور کے حوالے کیا گیا۔