پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بغیر دستخط دستاویزات پیش کرنے پر سینئرکنٹرول محکمہ سمال انڈسٹریز کو معطل کردیا

محکمہ سمال انڈسٹریز کا تمام ریکارڈ بینظیر بھٹو کی شہادت والے دن احتجاج کے باعث جل گیا ہے،ڈی جی فنانس افسران کی غفلت برداشت سے باہر ہے،کسی بھی افسر نے پی اے سی میں شرکت سے پہلے کاغذات کو چیک کیوں نہیں کیا ،سلیم رضا جلبانی

بدھ 15 فروری 2017 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) سند ھ اسمبلی کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین سلیم رضا جلبانی نے بغیر دستخط کے دستاویزات پیش کرنے پر محکمہ اسمال انڈسٹریز کے سینئر کنٹرولر ہوش لطیف مغل کو معطل کرتے ہوئے 15دن میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔جبکہ محکمہ اسمال انڈسٹریز کے ڈی جی فنانس کی جانب سے پی اے سی میں انکشاف کیا گیا کہ محکمہ کا تمام ریکارڈ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت والے دن احتجاج کے باعث جل گیا ہے ۔

سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس بدھ کو چیئرمین سلیم رضا جلبانی کی صدارت میں سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم نمبر 1میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں محکمہ اسمال انڈسٹریز کی جانب سے بغیر دستخط کے دستاویزات پیش کرنے پر کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سلیم رضا جلبانی نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پی اے سی کے اجلاس کی وجہ سے افسران بھاگ گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کو سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ اسمال انڈسٹریز کی جانب سے متعلقہ افسر کے دستخط کے بغیر دستاویزات پیش کیے گئے ،جس پر کمیٹی نے شدید اظہار برہمی کیا ۔چیئرمین سلیم رضا جلبانی کے استفسار پر سیکرٹری سمیت دیگر افسران خاموش ہوگئے اور کوئی جواب نہیں دیا ۔سلیم رضا جلبانی نے کہا کہ سینئر افسران پی اے سی کے اجلاس میں شرکت کرنے کی بجائے ملک سے باہر کیوں گئے ۔

سینئر افسر ہوش لطیف مغل پر بے ہوشی طاری ہے ۔سیکرٹری اسمال انڈسٹریز عبدالرحمن سومرو نے کمیٹی کو بتایا کہ ہوش لطیف مغل نے بیرون ملک جانے سے پہلے غیر دستخط شدہ کاغذات دیئے ۔میں نے کسی سمری پر دستخط نہیں کیے ہیں ۔افسر کے عمل کی مذمت کرتا ہوں ۔چیئرمین سلیم رضا جلبانی نے کہا کہ افسران کی غفلت برداشت سے باہر ہے ۔کسی بھی افسر نے پی اے سی میں شرکت سے پہلے کاغذات کو چیک کیوں نہیں کیا کمیٹی کی رکن خیر النسا مغل نے کہا کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ۔

افسران کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی تو وہ اسی طرح پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو نظر انداز کرتے رہیں گے ۔چیئرمین پی اے سی نے اسمال انڈسٹریز کے سینئر کنٹرولر ہوش لطیف مغل کو معطل کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کرانے کے احکامات جاری کیے ۔انہوںنے کہا کہ 15دن میں رپورٹ مرتب کرکے پیش کی جائے ۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سفارش پر اس معاملے پر مزید کارروائی کی جائے گی ۔

کمیٹی کی جانب سے محکمہ اسمال انڈسٹریز کا ریکارڈ طلب کیے جانے پرڈی جی فنانس اسمال انڈسٹریز منٹھار چانڈیو نے جواب دیا کہ سکھر میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت والے دن احتجاج کے دوران تمام ریکارڈ جل گیا تھا ،جس پر سلیم رضا جلبانی نے کہا کہ ریکارڈ کون جلائے گا کچھ تو اپنے بھی لوگوں کی مہربانی ہوگی ۔یہ سرکاری خزانے کا پیسہ ہے ۔اس کا ریکارڈ رکھنا ضرورری ہے ۔انہوںنے احکاما ت دیئے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقاتی کرائی جائے ۔