ہم دکھی انسانیت کی خدمت کا مشن لیکر میدان میں نکلے ہیں اور عوام کو مایوس نہیں کرینگے ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات

عوام کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں ‘زراعت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اورسیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے جائینگے‘ممبران ضلع کونسل سے گفتگو

بدھ 15 فروری 2017 16:57

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) چیئر مین ضلع کونسل قصور رانا سکندر حیات خاں نے کہا ہے کہ ہم سب دکھی انسانیت کی خدمت کا مشن لیکر میدان میں نکلے ہیں اور عوام کو مایوس نہیں کرینگے ‘عوام کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں ‘زراعت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اورسیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے جائینگے۔

یہ بات انہوں نے پہلے روز اپنے نئے دفتر میں ممبران ضلع کونسل ، چیئر مینزیونین کونسلز اوروائس چیئر مینزیونین کونسلز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر وائس چیئر مینز ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں اور سردار عزیر احمد بھی موجود تھے ۔ وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں نے دفتر آمد پر چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں کو مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدسیہ پیش کیا اور ضلع کی تعمیر و ترقی اور کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات نے کہا کہ ہم سب دکھی انسانیت کی خدمت کا مشن لیکر میدان میں نکلے ہیں اور کبھی کسی کو مایوس نہیں کرینگے عوام کی خدمت ہی اصل عبادت ہے مسائل سے نجات کیلئے تمام ممبران ضلع کونسل ملکر مسائل کا خاتمہ کرینگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائینگی اور عوامی مسائل انکے دروازے پر حل کرنے کیلئے تمام اقدامات برائے کار لائے جائینگے ۔

انہوںنے مزید کہا کہ ترقیاتی فنڈز کا بروقت اور شفاف استعمال ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا تا کہ عوام ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں ۔ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائیگا اور اس میں شفافیت کو سو فیصد یقینی بنایا جائیگا۔ رانا سکندر حیات خاں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے افکار کی روشنی میں پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں اور موجودہ حکومت کی پالیسیاں عوام کی خدمت اور انہیں با اختیار بنانے کیلئے ہیں ۔