پنجاب حکومت کا سانحہ مال روڈ کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 فروری 2017 14:51

پنجاب حکومت کا سانحہ مال روڈ کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 فروری۔2017ء) پنجاب حکومت نے لاہور میں حالیہ خودکش دھماکے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔جے آئی ٹی کی تشکیل کی درخواست پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے کی گئی تھی۔جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور دیگر تحقیقاتی اداروں کے افسران بھی شامل ہوں گے۔

جی آئی ٹی مال روڈ پر ہونے والے خود کش دھماکے کے حوالے سے تمام شواہد کا جائزہ لے گی اور سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کے بیانات بھی قلمبند کرنے کے بعد اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔ مال روڈ پر ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد پنجاب کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے خلاف پورے صوبے میں کریک ڈاون کا آغاز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک رپورٹ کے مطابق تفتیشی افسران کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور کا اصل ہدف پولیس افسران تھے، جس نے احتجاج کے دوران خود کو دھماکے سے اڑایا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے صوبائی انٹیلی جنس سینٹر نے صوبے کے مختلف شہروں میں سیکورٹی بڑھانے کے حوالے سے پولیس کے اعلیٰ افسران کو ہدایات جاری کردیں۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ٹریفک پولیس کے عملے کو مہارت سے استعمال کرتے ہوئے ٹریفک جام کے سلسلے کو روکا جانا چاہیے، جو کہ سیکورٹی کے لیے ایک بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔ افغان بستیوں میں کومبنگ آپریشنز کیے جانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ دوسری جانب مشتبہ حملہ آور کے جسم کے اعضاءبھی ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھیجے جاچکے ہیں۔


متعلقہ عنوان :