پابندی کے خاتمے کے بعد متحدہ عرب امارات کوسالانہ 700ملین ڈالر سے زائد کی پولٹری ‘اسکی مصنوعات درآمد ہو سکیں گی‘ ایسوسی ایشن

پولٹری کی صنعت کو مزید ترقی ملنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں ،روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے‘ سیکرٹری میجر (ر) جاوید بخاری

بدھ 15 فروری 2017 14:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پولٹری اور اسکی مصنوعات کی درآمد پر 8سال سے عائد پابندی ہٹانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق پاکستان سے سالانہ 700ملین ڈالر سے زائد کی پولٹری اور اس کی مصنوعات درآمد ہو سکیں گی ۔ ایسوسی ایشن کے نادرن زون کے سیکرٹری میجر (ر) سید جاوید حسین بخاری نے اس حوالے سے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا جہاں انہیں پولٹری فارمز، فیڈ سمیت اس سے متعلقہ دیگر پلانٹس کا نہ صرف دورہ کرایا گیا بلکہ تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جبکہ پابندی کے خاتمے کے لئے حکومت کی طرف سے سفارتی سطح پر بھی بیحد کاوشیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات کو گوشت ، انڈوں، ہیچری ایگز یا چوزوں اور پولٹری کی دیگر مصنوعات کا حجم ابتدائی تخمینے کے مطابق 700ملین ڈالر سے زائد ہو گا جبکہ پاکستان کی پولٹری کی صنعت اس سے دو گنا درآمد کی استعداد بھی رکھتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پولٹری کی صنعت میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے اور اس سے لاکھوں افراد کو روزگار بھی میسر آرہا ہے ۔ متحدہ عرب امارات کی طرف سے پابندی اٹھائے جانے کے بعد پولٹری کی صنعت کو مزید ترقی ملنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں جس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔