سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

منگل 14 فروری 2017 23:00

پشاور۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا بیرونی سرمایہ کاری کے لئے انتہائی موزوں اور اہمیت کا حامل ہے ۔موجودہ صوبائی حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں اور امن کے استحکام کی بدولت سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور متحدہ عرب امارات ،چین اور ترقی سمیت کئی ممالک کے سرمایہ کاروں نے صوبے میں سرمایہ کاری کرنے میں اپنی بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے ۔

متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پر دبئی کی مشہورکاروباری شخصیت اور معروف سرمایہ کارسہیل محمد الزرعونی سے ملاقات کے دوران انہوں ان خیالات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے سہیل محمد الزرعونی کو خیبر پختونخوا میں سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی باقاعدہ دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو صوبے میں تمام تر سہولیات کے ساتھ سرمایہ کاری کے لیے ساز گار ماحول فراہم کرے گی۔

سپیکر نے کہا کہ صوبے میں سیاحت اور تجارت کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری محفوظ ہونے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کے لئے منفعت بخش ثابت ہو گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ سرمایہ کاری کے باعث خیبرپختونخوا میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گاجبکہ دوسری جانب روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور بے روزگاری میں کمی واقع ہونے کے امکامات روشن ہو جائیں گے۔

اسد قیصرنے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات دوبرادراسلامی ممالک ہیں جن کے عوام ایک دوسرے کے مزاج اور روایات سے بخوبی آگاہ ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ متحدہ عرب امارات کی خیبر پختونخوا میںسرمایہ کاری کے صوبے کی اقتصادی حالات پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہونے کے ساتھ ساتھ معاشی خوشحالی کے ثمرات سے عوام بھی فیضیاب ہوںگے۔سہیل محمد الزرعونی نے سپیکر اسد قیصر کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ہمیشہ متحدہ عرب امارات کی تعمیر اور ترقی میں بھرپور کردار ادا کیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کی دعوت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیںاور ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ اس موقع سے ہمارے سرمایہ کار بھرپور استفادہ حاصل کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :