مردان،سیکورٹی ڈیوٹی میں غفلت برتنے پرایک اے ایس آئی سمیت 4اہلکارمعطل

منگل 14 فروری 2017 23:00

مردان۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء)ضلعی پولیس سربراہ ڈاکٹر میاں سعید احمدنے سیکورٹی ڈیوٹی میں غفلت برتنے پرایک اے ایس آئی سمیت 4اہلکاروں کو معطل کرکے انہیںحوالات میں بند کردیا گذشتہ علی الصبح ڈی پی او نے ضلع بھر کے اہم مقامات ، سکولز، کالجز اور سرکاری دفاتر کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے تھانہ شیخ ملتون کے حدود میں سیکورٹی ڈیوٹی میں غفلت برتنے پرایک اے ایس آئی ،ایک ہیڈ کانسٹیبل اور تین پولیس کانسٹیبلان کو حوالات میں بند کر کے حکم عدولی کرنے پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

انہوں نے سرکل ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اہم مقامات، بازاروں اور چوکوں میںخود موجود رہ کرسیکورٹی انتظامات چیک کرینگے اورضلع بھر کے بازاروں میں برقعہ پوش گدہ گروں کے خلاف کاروائیاں کرکے مشکوک افراد پر کھڑی نظر رکھی جائے جو کہ موجودہ حالات کے پیش نظر دہشت گردی کیلئے بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ضلع بھر کے پولیس افسران واہلکاروں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائی گی اپنی ڈیوٹیاں نہایت ایمانداری اور جانفشانی سے سر انجام دے تاکہ عوام کو پر امن ماحول اور معاشرہ میسر ہوں۔