صوبائی حکومت عوام کے جائز مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے،ڈپٹی سپیکرمہرتاج روغانی

منگل 14 فروری 2017 23:00

پشاور۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء)صوبائی ویلج کونسل ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد نے گزشتہ روز ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ڈاکٹر مہرتاج روغانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں صوبائی ویلج کونسل کے جنرل سیکرٹری شاہین اکبر‘ صدر ویلج کونسل ضلع مردان حیات خان‘ سینئر نائب صدر مردان ہدایت شاہ روغانی‘ جنرل سیکرٹری مردان منتظر شاہ اور فنانس سیکرٹری مردان نعیم جیلانی بھی شامل تھے۔

وفد نے ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کو مذکورہ ایسوسی ایشن کی عہدیداروں کی اپ گریڈیشن کے مسئلے کے حل پر شکریہ ادا کیا اور ان کے بھر پور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذکورہ مسئلہ نہایت اہمیت کا حامل تھا اور کافی عرصہ سے اپ گریڈیشن کا مسئلہ سرد خانے میں پڑا تھا لیکن ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر مہرتاج روغانی اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی کوششوں سے اب مسئلہ حل ہونے کو ہے جس پر وفد دل کی گہرائیوں سے ڈپٹی سپیکر اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کا ممنون ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر نے وفد کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت عوام کے جائز مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے اور وہ عوام کو ہر مد میں ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا یقین ہے کہ عوامی مسائل حل کر کے ہی ان کا معیار زندگی بلند کیا جاسکتا ہے جس کیلئے حکومت ہر شعبے میں عوامی خواہشات کے مطابق تبدیلی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔