جنگلات میں اضافہ محفوظ ماحول کی ضمانت ہے،گورنرخیبرپختونخوا

منگل 14 فروری 2017 23:00

پشاور۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کیلئے جنگلات کے رقبے میں اضافہ وقت کاتقاضا ہے اوراس کے ذریعے ہم آئندہ نسلوں کوایک محفوظ ماحول فراہم کرسکتے ہیں۔ وہ منگل کے روزگورنر ہاوس میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کاافتتاح کررہے تھے۔

اس موقع پر اے سی ایس فاٹا فدا وزیر،سیکرٹری عبدالطیف خان،کنزرویٹر عبدالبصیر،ڈی ایف اوخیبرفضل الہی،اعجاز خان،طیب اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر کوبتایا گیا کہ فاٹامیں اس مہم کے دوران ساڑھے سات ہزار ایکڑ رقبے پرشجرکاری کی جائے گی جبکہ25 ہزار پھل دار درخت بھی لگائے جائیں گے۔ گورنر کو بتایا گیا کہ ایک ہزار ایکڑ رقبے پر اسپغول اوردوسرے ادویاتی پودہ جات کی براڈکاسٹنگ بھی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے گورنر انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہا کہ فاٹا کا70 فیصد رقبہ شجرکاری اورگلہ بانی کیلئے موزوں ہے حکومت محدود وسائل میں جنگلات بڑھانے کیلئے اقدامات اٹٰھارہی ہے۔ فاٹا کے باشعور عوام اس سلسلے میں متعلقہ حکام اور اداروں سے تعاون کریں تاکہ پودہ جات کی پرورش اورحفاظت ممکن بناکر جنگلات کی قومی دولت میں اضافہ کیاجاسکے اورزمین پرخوشگوار اورمحفوظ ماحول پیداکیاجاسکے۔