وزیراعظم ، وفاقی وزراء چودھری نثار اور خواجہ آصف اور وزیراعلیٰ پنجاب کی شہید کیپٹن (ر) احمد مبین کی رہائشگاہ آمد

سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت ،شہید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی کیپٹن (ر) احمد مبین نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے ، قوم فرض شناس او ربہادر افسر کی قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی وزیراعظم اور وزیراعلی کا کیپٹن (ر) احمد مبین کی شہادت پر ان کی خدمات کو خراج عقیدت

منگل 14 فروری 2017 22:55

وزیراعظم  ، وفاقی وزراء چودھری نثار اور خواجہ آصف اور وزیراعلیٰ پنجاب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 فروری2017ء) وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف آج شہید کیپٹن(ر) احمد مبین کی رہائش گاہ آراے بازار گئے اور گزشتہ روز مال روڈ پر بم دھماکے میں شہید ہونے والے چیف ٹریفک پولیس آفیسر کیپٹن (ر) احمد مبین کے غمزدہ خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا-وزیراعظم، وزیراعلی اور وفاقی وزراء نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی-وزیراعظم محمد نوازشریف اوروزیراعلی محمد شہبازشریف نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت اور شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کیپٹن (ر) احمد مبین نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے اورقوم ایسے فرض شناس اور بہادر افسر کی قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی-انہوں نے کہاکہ کیپٹن (ر) احمد مبین نے عظیم مقصد کے لئے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان دی ہے اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا-وزیر اعلی نے کہا کہ کیپٹن (ر) احمد مبین کی شہادت ملک و قوم کیلئے نا قابل تلافی نقصان ہے - کیپٹن (ر) احمد مبین قوم کا بہادر بیٹا تھا اور اس کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے -