ملک بھر میں دہشت گردوں کسی کونے میں نہیں چھپنے دیں گے،آرمی چیف

سانحہ لاہور جیسے واقعات سے ہمارے قومی عزم میں کمی نہیں آئے گی اور نہ ہی اس سے دہشت گردی کے خلاف جاری ہماری کوششیں متاثر ہوں گی ،ہر قسم کے دہشت گردوں ، ان کے سرپرستوں ، مالی مدد کرنے والوں ، منصوبہ سازوں اور ترغیب دینے والے ملکی اور غیر ملکی عناصر کا ملک بھر میں تعاقب کریں گے،پی ایس ایل کا فائنل اپنے شیڈول کے مطابق کرانے کیلئے فوج بھرپور معاونت کرے گی، ڈی آئی جی مبین اور قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،ہم اس غیر انسانی سوچ کو شکست دے کر دم لیں گے ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سیکورٹی سے متعلق اجلاس سے خطاب کور کمانڈر لاہور اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی آرمی چیف کو لاہور دھماکے کے بار ے میں بریفنگ ،جنرل باجووہ کی ڈی آئی جی احمد مبین کے خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی ،سروسز ہسپتال کا دورہ کر کے زخمیوں کی عیادت بھی کی،آئی ایس پی آر

منگل 14 فروری 2017 22:52

ملک بھر میں دہشت گردوں کسی کونے میں نہیں چھپنے دیں گے،آرمی چیف
راولپنڈی/ لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 فروری2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا ملک بھر میں پیچھا کیا جائے گا انہیں کسی کونے میں نہیں چھپنے دیں گے،سانحہ لاہور جیسے واقعات سے ہمارے قومی عزم میں کمی نہیں آئے گی اور نہ ہی اس سے دہشت گردی کے خلاف جاری ہماری کوششیں متاثر ہوں گی ،ہر قسم کے دہشت گردوں ، ان کے سرپرستوں ، مالی مدد کرنے والوں ، منصوبہ سازوں اور ترغیب دینے والے ملکی اور غیر ملکی عناصر کا ملک بھر میں تعاقب کریں گے،پی ایس ایل کا فائنل اپنے شیڈول کے مطابق کرانے کیلئے فوج بھرپور معاونت کرے گی، ڈی آئی جی مبین اور قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،ہم اس غیر انسانی سوچ کو شکست دے کر دم لیں گے اور ایک قوم بن کر ہم ایسا کریں گے۔

(جاری ہے)

منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جارنے والے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں کورہیڈکوآرٹرز میں سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی ۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے آرمی چیف کو گزشتہ رات ہونے والے دھماکے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ایسے واقعات سے ہمارے قومی عزم میں کمی نہیں آئے گی اور نہ ہی اس سے دہشت گردی کے خلاف جاری ہماری کوششیں متاثر ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا ملک بھر میں پیچھا جائے گا انہیں کسی کونے میں نہیں چھپنے دیں گے ،ہر قسم کے دہشت گردوں ، ان کے سرپرستوں ، مالی مدد کرنے والوں ، منصوبہ سازوں اور ترغیب دینے والے ملکی اور غیر ملکی عناصر کا ملک بھر میں تعاقب کریں گے ۔

آرمی چیف نے گزشتہ رات لاہور میں ہونے والے دھماکے کے مجرمان کو تلاش کرنے کیلئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کوششوں کو سراہا جس کے نتیجے میں افغانیوں سمیت دیگرکو گرفتار کیا گیا ہے ۔دھماکے کے نتیجے میں پی ایس ایل کا لاہور میں فائنل میچ متاثر ہونے سے متعلق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل اپنے شیڈول کے مطابق کرانے کیلئے فوج بھرپور معاونت کرے گی۔

بعدازاں آرمی چیف نے گزشتہ رات ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے ڈی آئی جی مبین کے گھر گئے اور ان کے خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ شہید کی والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ان کے بہادر بیٹے اور قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،ہم اس غیر انسانی سوچ کو شکست دے کر دم لیں گے اور ایک قوم بن کر ہم ایسا کریں گے ۔

آرمی چیف نے گزشتہ رات دھماکے میں شہید ہونے والے دیگر افراد کے خاندانوں سے بھی تعزیت کا اظہار کیا ۔ آرمی چیف نے سروسز ہسپتال کا دورہ کر کے زخمیوں کی عیادت بھی کی اور انہیں یقین دلایا کہ واقعے میں ملوث دہشتگردوں کوکیفر کردارتک پہنچایا جائے گا۔ دریں اثناء نجی ٹی وی چینلز کی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ کومبنگ آپریشن کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جائے گا ۔ نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے کہاکہ آپریشن سے پہلے پنجاب حکومت کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔ آپریشن میں آرمی حساس اداروں کی مکمل معاونت کرے گی۔