بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید نائیک عمران ظفر فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک،نمازجنازہ میں اعلیٰ فوجی افسران ،سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت

منگل 14 فروری 2017 22:14

گوجرخان۔14فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) شہیدوں غازیوں کی سرزمین گوجرخان کا ایک اور سپوت وطن پر قربان ہوگیا لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے عمران ظفر کو آبائی گائوں دیرہ مسلم میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا ،نمازجنازہ میں اعلیٰ فوجی افسران ،سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر ارشد نے صدر پاکستان ممنون حسین اور آرمی چیف قمر باجوہ کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پاک آرمی کے چاک وبند دستے نے سلامی پیش کی لیفٹنٹ کرنل عمران نے کمانڈر 10کور کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب بھمبرکے مقام پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں پاکستانی فوج کے تین جوان شہید ہوگئے ان میں سے ایک عمران ظفر کا تعلق گوجرخان کے گائوں دیرہ مسلم سے تھا عمران ظفر شہید نے اپریل 2010میں پاک آرمی میں شمولیت اختیار کی 13فروری کی شب کو لائن آف کنٹرول کے علاقہ بھمبر سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا شہید کی نماز جنازہ آبائی گائوں دیرہ مسلم میں ادا کی گئی نمازہ جنازہ میں اعلیٰ فوجی افسران اور جوانوں ،سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت بڑی تعداد میں معززین علاقہ نے شرکت کی ۔