آرمی چیف کے زیر صدارت اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن تیز اور کومبنگ آپریشن کے جنوبی پنجاب سے آغاز کا فیصلہ

آپریشن سے قبل پنجاب حکومت کو اعتماد میں لیا جائیگا ، آپریشن میں فوج حساس اداروں کی مکمل معاونت کریگی ،جنرل قمر جاوید باجوہ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کی اجلاس کو سانحہ لاہور پر بریفنگ آرمی چیف کی کیپٹن (ر) احمد مبین کی رہائشگاہ پر جاکر اہلخانہ سے تعزیت ،سول سروسز ہسپتال کا بھی دورہ ، زخمیوں کی عیادت

منگل 14 فروری 2017 21:31

آرمی چیف  کے زیر صدارت اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن تیز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 فروری2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن تیز اور جنوبی پنجاب میں کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہآرمی چیف نے کہاکہ آپریشن سے قبل پنجاب حکومت کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔ منگل کو یہاں کور ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہواجس میں کور کمانڈر لاہور ، ڈی جی رینجرز پنجاب اور حساس اداروں کے سربراہوں اور جی او سی 10 ڈویژن نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس کے شرکاء کو کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے سانحہ لاہور پر بریفنگ دی ۔ اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ کومبنگ آپریشن کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جائے گا ۔ نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے کہاکہ آپریشن سے پہلے پنجاب حکومت کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔

آپریشن میں آرمی حساس اداروں کی مکمل معاونت کرے گی ۔ دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کیپٹن (ر) احمد مبین کی رہائشگاہ کا دورہ بھی کیا اور احمد مبین کی شہادت پر اہلخانہ سے تعزیت کی جبکہ وہ سول سروسز ہسپتال بھی گئے اور وہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور یقین دلایا کہ واقعے میں ملوث دہشتگردوں کوکیفر کردارتک پہنچایا جائے گا …(م د )