سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے پرنسپل سٹاف آفیسر عمران گچکی گرفتار،احتساب عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

منگل 14 فروری 2017 21:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2017ء) نیب نے نا جائز اثاثہ جات کیس میں مفرورسابق وزیر اعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے پرنسپل سٹاف آفیسر عمران گچکی کو گرفتار کر لیا،تفصیلات کے مطابق منگل کو نیب حکا م نے سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے پر نسپل سٹاف آفیسر عمران گچکی کو احتساب عدالت کے احاطے سے گرفتار کر کے نیب عدالت میں پیش کردیا ،عمران گچکی کے خلاف نیب حکام کی جانب سے 2016میں ریفرنس دائر کیا گیاتھا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ انہوں نے آمدن سے زائد 18کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثہ جات بنا رکھے ہیں جن میں بحریہ ٹائون ،بنی گالہ ،گوادر اوردیگر پوش مقامات پر بنگلے ، فلیٹ اور زمینیں شامل ہیں ،نیب حکام نے عمران گچکی کو گرفتار کر نے کے بعد احتساب عدالت کے جج عبدالمجید ناصر کے روبرو پیش کیا اور ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے ملزم کو 28فروری تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور کیس کی سما عت اگلی پیشی تک ملتوی کردی۔