بھارت سی پیک کو نقصان پہنچانے کے لئے پاکستان میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا کرنا چاہتا ہے،مذہبی و سیاسی قائدین

لاہور اور کوئٹہ میں بم دھماکے اور کنٹرول لائن پر فائرنگ طے شدہ منصوبہ بندی کا حصہ ہے مودی سرکار کی خوشنودی کے لئے اقدامات کے باوجود انڈیا ڈو مور کی باتیں کر رہا ہے حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی فی الفور ختم کی جائے ،سال 2017ء کشمیر کے نام کرتے ہوئے شروع کی گئی جدوجہد بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے، تحریک آزادی جموں کشمیرکے میڈیا سیل سے گفتگو

منگل 14 فروری 2017 21:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2017ء) مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہا ہے کہ بھارت سی پیک کو نقصان پہنچانے کے لئے پاکستان میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا کرنا چاہتا ہے۔لاہور اور کوئٹہ میں بم دھماکے اور کنٹرول لائن پر فائرنگ طے شدہ منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ حافظ محمد سعید ودیگر رہنمائوں کی نظربندی سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

حالیہ نظربندیوں کے بعد انڈیا نے کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔مودی سرکار کی خوشنودی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے باوجود انڈیا ڈو مور کی باتیں کر رہا ہے۔حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی فی الفور ختم کی جائے ۔ ۔سال 2017ء کشمیر کے نام کرتے ہوئے شروع کی گئی جدوجہد بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق،سردار عتیق احمدخاں،پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پیر سید ہارون علی گیلانی ،حافظ عبدالغفار روپڑی ، عبداللہ حمید گل، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، قاری یعقوب شیخ،حافظ خالد ولیداور ابوالہاشم ربانی نے تحریک آزادی جموں کشمیرکے میڈیا سیل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہاکہ حافظ محمد سعید کی نظربندی صرف ایک فرد کی نظربندی نہیںہے۔کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔پاکستان سے کشمیریوں کی حمایت میں اٹھنے والی آواز کو خاموش کرنے کیلئے نظربندیاں کی جارہی ہیں۔سال 2017ء کو کشمیر کے نام کرنے پر جماعةالدعوة کے خلا ف اقدامات اٹھائے گئے۔تمام جماعتیں متحد ہو جائیں ۔

انہوںنے کہاکہ امریکہ اوراسرائیل بھارت کے ساتھ ہیں۔اس ٹرائیکا سے پاکستان کو بچانا ہے۔حکمران مودی کی خوشنودی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔حافظ محمد سعیدودیگر رہنمائوں کی نظر بندی سے مودی کے تمام الزامات کی تصدیق کی گئی۔حافظ محمد سعید پہلے بھی نظر بند رہے ،عدالتوں نے انہیں بری کیا اور کہا کہ جماعة الدعوة کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہے۔

میں سمجھتاہوں کہ ان کی نظربندی دفاع پاکستان کونسل پر حملہ ہے۔آواز نہ اٹھائی تو ایک ایک کر کے سب جماعتیں زد میں آئیں گی۔ملک میں اسلامی تشخص ختم کیا جا رہا ہے اور لبرل ازم کی باتیں کی جار ہی ہیں۔توہین رسالت ایکٹ باربار زیر غور لایا جارہا ہے۔نبی کریم ﷺ کی عزت و ناموس پر ہر مسلمان جان قربان کرنے کو تیار ہے۔انہوںنے کہاکہ سیاسی ومذہبی جماعتیں کشمیر پر اپنی پالیسی واضح کریں۔

سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمدخاں نے کہاکہ بیک چینل ڈپلومیسی کے ذریعہ مسئلہ کشمیر کا کوئی حل مسلط کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حافظ محمد سعیدودیگر کی نظربندیاں پاکستان کے دفاع کو کمزور اور کشمیر یوں کی جدوجہد آزاد ی کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ہم کشمیر بنے گا پاکستان کی بات کرنے والے لوگ ہیں،بھارتی فلموںکی نمائش پر پابندی لگائی جائے۔

گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی کوششیں تقسیم کشمیر کے مترادف ہیں۔حکومت کشمیر پالیسی واضح کرے۔انہوںنے کہاکہ ہم حافظ محمد سعید کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں،ڈان لیکس کے ذمہ داران کو گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ حافظ محمد سعید ودیگر رہنمائوں کوپانامہ کیس سے توجہ ہٹانے اور مودی کو خوش کرنے کیلئے نظربند کیا گیا۔

اس وقت مسئلہ کشمیر پر بیک چینل ڈپلومیسی کو پروان چڑھایاجارہا ہے۔ نظربندیوں میں ٹریک ٹو چینل متحرک ہے۔کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاجارہا ہے۔یہ شہ رگ کشمیر کو چھڑانے کا وقت ہے۔ جماعةالدعوة کی کشمیر پالیسی وہی ہے جو قائداعظم کی تھی۔ انہوںنے کہاکہ حافظ محمد سعید کو نظربند کر کے حکومت نے ثابت کیا ہے کہ ملکی خودمختاری کی ان کے ہاں کوئی اہمیت نہیں ہے۔

جماعةالدعوة کے قائدین کو کشمیریوں کی حمایت کے جرم میں بھارتی و امریکی دبائو پر گرفتار کیا گیا۔ ھدیة الھادی پاکستان کے سربراہ پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہاکہ حافظ محمد سعید کو نظربند کرنا ایک ایسا لمحہ فکریہ ہے جس پر ہمیں تھوڑا گہرائی سے دیکھنا ہو گا۔یہ مقامی سازش کے تحت نہیں بلکہ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں ہو رہا ہے۔حافظ محمد سعید ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریئے کا نام ہے۔

ان کی گرفتاری آخری وار نہیں بلکہ ایک سیریز آگے چلے گی۔انہوں نے کہا کہ انتہائی زیرک قیادت ہمارے ساتھ ہے ۔ہم صرف قراردادیں پاس کرنے اور مذمت کرنے کی حد تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ باہر نکلیں گے۔امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفارروپڑی، تحریک نوجوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ حمیدگل، متحدہ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری یعقوب شیخ اور تحریک آزادی جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل حافظ خالد ولید نے کہا ہے کہ ہم نے 2017ء کو کشمیر کے نام کیا۔

حافظ محمد سعید سب کے دلوں میں بستے ہیں ، انہیں گرفتار کرنے کے بعد میڈیا ٹرائل کیاجارہا ہے۔جماعةالدعوة نے بلوچستان میں ریلیف کا کام کیا آج بلوچ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا دفاع اس وقت بہت بڑا سوالیہ نشان بن چکا ہے،حکمرانوں کی کوششیں بتا رہی ہیں کہ انہیں پاکستان نظریاتی شناخت کے ساتھ برداشت نہیں ہے،ہر روز ایک نیا فتنہ کھڑا جا رہا ہے۔بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کیلئے بھرپور آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔