وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ڈی آئی جی ٹریفک، ایس ایس پی آپریشن سمیت 7 پولیس شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت

گورنر رفیق رجوانہ، کورکمانڈر لاہور صادق علی، صوبائی وزراء، مشیران ،اراکین اسمبلی نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی شہداء نے عظیم مقصد کیلئے لازوال قربانی دی ہے،انکی ملک کے امن کیلئے قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘ شہبازشریف

منگل 14 فروری 2017 20:06

وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ڈی آئی جی ٹریفک، ایس ایس پی آپریشن سمیت 7 پولیس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ میں پنجاب اسمبلی کے سامنے بم دھماکے میں شہید ہونے والے ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین، ایس ایس پی آپریشن لاہور زاہد گوندل سمیت 7 پولیس شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، صوبائی وزراء، مشیران، اراکین اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور زندگی کے مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے شہداء کی میتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے عظیم مقصد کیلئے لازوال قربانی دی ہے اوران کی ملک کے امن کیلئے دی جانے والی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گااور پوری قوم شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا گوہے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور انہیں گلے لگا کر دلاسہ دیا۔ اے ایس آئی ٹریفک پولیس امین، ہیڈ کانسٹیبل عصمت اللہ، کانسٹیبلز ندیم کمیانہ، اسلم اور عرفان محمود کی بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔