حکومت نے تحریک آزادی کشمیرکو اپنی اولین ترجیحات میں رکھاہے،راجہ محمدفاروق حیدر

تحریک آزادی کشمیرپرتمام سیاسی جماعتوں باہمی اتحاد واتفاق کا عملی مظاہرہ کرناچاہئے،مودی کی موجودگی میں مسئلہ کشمیرکاحل ہوتانظرنہیں آتا یونیورسٹیوں کے تعلیم یافتہ نوجوان مسئلہ کشمیرکوسوشل میڈیاکے ذریعے پوری دنیا میں اجاگر کریں محمدنوازشریف کی حکومت پاکستان کو معاشی ،اقتصادی لحاظ سے دنیاکے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے لیے کوشاں ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 14 فروری 2017 18:36

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2017ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموںوکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے تحریک آزادی کشمیرکو اپنی اولین ترجیحات میں رکھاہے۔ تحریک آزادی کشمیرپرتمام سیاسی جماعتوں باہمی اتحاد واتفاق کا عملی مظاہرہ کرناچاہیے۔ ہمیں اپنے نظریاتی تحفظ کومقدم رکھنا چاہیے۔

مودی کی موجودگی میں مسئلہ کشمیرکاحل ہوتانظرنہیں آتا۔ یونیورسٹیوں کے تعلیم یافتہ نوجوان مسئلہ کشمیرکوسوشل میڈیاکے ذریعے پوری دنیا میں اجاگر کریں۔ اقوامتحدہ کی سلامتی کونسل، بین الاقوامی طاقتوں کے ممبران پارلیمنٹ کو ای میل کے ذریعے بھارتی مظالم سے آگاہ کریں۔ نوجوان ہماراقیمتی اثاثہ ہیں ان کی تعلیم وتربیت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے حکومت نے محکمہ تعلیم میں اصلاحات لائی ہیں۔

(جاری ہے)

یونیورسٹیاں کسی ملک کی تعمیروترقی کی بنیاد ہوتی ہیں۔ نوجوان نسل کوتحریک آزادی کشمیراورمسئلہ کشمیرپرفوکس کرناچاہیے۔ پاکستان تحریک آزادی کشمیراورکشمیریوں کاوکیل ہے۔ ایک مضبوط ،مستحکم اورجمہوری پاکستان ہی مسئلہ کشمیرکوبہترانداز میں حل کرسکتاہے۔ میاں محمدنوازشریف کی حکومت پاکستان کو معاشی اور اقتصادی لحاظ سے دنیاکے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

پاکستان کی مضبوط معیشت کودیکھ کردنیا کے دیگر ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب ہورہے ہیں۔ اپوزیشن پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے بلکہ 2018 کے انتخابات کی تیاری کرے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے میرپورسائنس اینڈ ٹیکنالوجی مسٹ یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرآزادکشمیرکے سینئروزیرچوہدری طارق فاروق، وزیرصحت ڈاکٹرنجیب نقی، وزیراطلاعات راجہ مشتاق منہاس، وزیر سپورٹس چوہدری محمدسعید ، وزیرجنگلات سردارمیراکبر، وزیرصنعت نورین عارف، وزیرخوراک سید شوکت شاہ، ممبراسمبلی چوہدری رخسار احمد، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہراقبال خان ، مسٹ یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران، ڈین وچیئرمین اور طلباء وطالبات کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔

تقریب سے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرراجہ حبیب الرحمان نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہاکہ موجودہ ملکی حالات میں میڈیاکوملکی سلامتی کومقدم رکھناچاہیے۔ ہم سب کومل کربھارتی حکومت کے مظالم کوبے نقاب کرناچاہیے۔ انھوں نے کہاکہ بھارت ظالم ، جابراورغاصب ملک ہے جس نے گذشتہ 70 سالوں سے نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے ہوئے ہیں۔

مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ سیز فائرلائن پربسنے والے نہتے کشمیریوں پربھارتی افواج آئے روز گولہ باری کررہی ہے۔ لیکن کشمیریوں کے جذبے بلند ہیں اور وہ بھارتی مظالم کا مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کی بہتری کے لیے اپناکرداراداکرے۔ہماری حکومت نے تعلیم سے سیاست کامکمل خاتمہ کردیاہے۔

این ٹی ایس اورغیرجانبدار پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نوسے اب لائق اور حقدار کاکوئی راستہ نہیں روک سکتا۔ انھوں نے کہاکہ اگرمعاشرے میں انصاف نہ ملے تو نئی نسل اپنے راہ سے بھٹک جاتی ہے۔ نئی نسل کی بے راہ روی کوروکنے کے لیے انھیں جدید تعلیمی مواقع اور روزگار کی سہولیات مہیا کرنے کے لیے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ انھوں نے بیرون ممالک بسنے والوں سے کہاکہ وہ مسئلہ کشمیرکوبین الاقوامی سطح پراجاگرکرنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد اوریکجہتی کامظاہرہ کریں اورمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کودنیاکے سامنے بے نقاب کریں۔