آزاد کشمیر وپاکستان کے عوام کا وسائل پر مکمل حق ہے‘ حکومت کی جانب سے وسائل کی غیر منصفانہ طور پر تقسیم سے معاشرے میں فساد برپا ہوتا ہے‘ ریاستی وسائل پر کشمیری عوام کے حق پر بات کرنا ضروری ہے،کشمیری دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منو ا چکے ہیں‘ دہشت گردی کا بنیادی سبب اسلام نہیں بلکہ اسلام تو رحمت اور امن کا پیغا م عام کرنے کادرس دیتا ہے

مرکزی جمعیت اہل حدیث آزا دجموں وکشمیر کے ناظم اعلی دانیال شہاب مدنی کی پارٹی کارکنوں سے بات چیت

منگل 14 فروری 2017 16:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 فروری2017ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث آزا دجموں وکشمیر کے ناظم اعلی دانیال شہاب مدنی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر وپاکستان کے عوام کا اپنے وسائل پر مکمل حق ہے۔ حکومت کی جانب سے وسائل کی غیر منصفانہ طور پر تقسیم سے معاشرے میں فساد برپا ہوتا ہے۔ ریاستی وسائل پر کشمیری عوام کے حق پر بات کرنا ضروری ہے،کشمیری دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منو ا چکے ہیں۔

دہشت گردی کا بنیادی سبب اسلام نہیں بلکہ اسلام تو رحمت اور امن کا پیغا م عام کرنے کادرس دیتا ہے۔ سانحہ لاہور اور کوئٹہ بم دھماکہ جیسے واقعات کے رونما ہونے سے مملکت کے لیے سیاسی ، سفارتی ومالیاتی طور پر نقصان کا باعث بنتے ہیں۔ مملکت پاکستان کا وجود دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے اک نعمت ہے۔

(جاری ہے)

ہماری نظر میں کشمیریوں کی قربانیاں اور ان کا خون اسی طرح اہمیت کا حامل ہے ،جیسے پاکستان میں بے گناہ لوگ دہشت گردی کی بھینٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث کو آزاد کشمیر بھر میں منظم کر رہے ہیں،نوجوانوں کو ان کی اہلیت کے مطابق جماعت میںاہم ذمہ داریاں سونپ رہے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مرکزی سیکرٹریٹ جامعہ محمدیہ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث کے کارکنان کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ناظم اعلی دانیال شہاب مدنی نے کہا کہ آزاد کشمیر وپاکستان کے عوام اپنی ریاست میں اپنے تمام وسائل پر مکمل حق رکھتے ہیں۔

عوام جہاں وفاق کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تو وہاں وہ چاہتے ہیں کہ ان کے علاقوں پر ان کے وسائل کا استعمال کیا جائے اور نوجوانوں کے لیے روز گار کے بہترین اور زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں۔ روزگار کا نہ ہونا نوجوانوں کے لیے شدید اضطراب کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ لاہورو کوئٹہ بم دھماکہ پر دل غمزدہ ہے،سیکیورٹی فورسز و مسلح افواج پاکستان کی جانب سے بہترین حکمت عملی اور دشمن کو ناکوں چنے چبوانے سے دھشت گردی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ دھشت گردی کے واقعات کے رونما ہونے کے بعد دہشت گرد قانون کی گرفت میں آجاتے ہیں اور ایسے واقعات پوری قوم کو یکجان کردیتے ہیں۔ دہشت گردی کا کوئی دین،مذہب،کنبہ ،قبیلہ،کسی قسم کی ذات سے تعلق نہیں ہوتا،دہشت گرد ہمیشہ گرد کہلواتا ہے اور کسی بھی قسم کی دہشت گردی کااسلام کے ساتھ تعلق جوڑنا انتہائی ٹشویش ناک و باعث مذمت ہے۔

اس وقت اسلام خود عالمی استعماری دھشت گردی کا شکار ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ناظم اعلی نے کہا کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کے ساتھ ہندوستانی فوج کا معرکہ ہوا،جس میں ہندوستان فوج بظاہر مجاہدین کو شہید کر کے اپنے مقصد میں کامیاب ہو گئی ،لیکن در حقیقت کشمیری قوم اس واقعہ اور اس سمیت دیگر واقعات سے اپنی آزادی کی منزل کے مزید قریب ہو چکی ہے۔

کشمیری آزادی کے حصول میں جو قربانیاں دیے جا رہے ہیں،اس کے ثمرات ان کو جلد حاصل ہوں گے۔ مملکت پاکستان سے صرف کشمیریوں کو ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے بسنے والے مسلمانوں کی امیدیں وابستہ ہیں،دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے دھرتی پاکستان نعمت ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری اپنا لہو دے کر اپنی آزادی کے حصول میں مگن ہیں اور پاکستانی دہشت گردی کی جنگ میں اپنی جان کی قربانی دے کر اپنی آزادی کی حفاظت میں مصروف ہیں۔

دانیال شہاب مدنی نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث کو آزاد کشمیر بھر میں منظم کر رہے ہیں اور نوجوانوں کو عملی طور پر ان کی اہلیت کے مطابق ذمہ داریاں سونپ کران سے بڑے پیمانے پر کام لینا چاہتے ہیں۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کا مشن ریاست بھر میں قرآن و سنت کی بالادستی اور سرزمین پاکستان کو مستحکم کرنا ہے۔ مولانا محمد یونس اثری ؒ اور پروفیسر شہا ب مدنی ؒ کا مشن اپنے تکمیل تک جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :