شامی بحران کے خاتمے سے داعش کا قلع قمع ہوجائے گا،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

منگل 14 فروری 2017 13:46

شامی بحران کے خاتمے سے داعش کا قلع قمع ہوجائے گا،سیکرٹری جنرل اقوام ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 فروری2017ء) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے کہا ہے کہ شام میں جاری بحران کے سیاسی حل سے سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگی۔عرب ٹی وی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ شامی بحران اقوام متحدہ کے دنیا پر اثرات کے لیے ایک مشکل امتحان ہے اور ان کے نزدیک مستقبل قریب میں مہاجرین کے بحران کا خاتمہ ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔

عالمی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ شامی بحران کے ایک جامع سیاسی حل کی عدم موجودگی کی وجہ سے ہی داعش کو پھلنے پھولنے کا موقع ملا تھا ۔ انھوں نے الریاض میں شامی حزبِ اختلاف کی جانب سے جنیوا مذاکرات میں شرکت کے لیے وفد کی تشکیل پر خوش امیدی کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے یمن میں جاری بحران پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام اس وقت ناقابل قبول نامساعد حالات سے گزر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان بحران کا سیاسی حل تمام فریقوں کے لیے فائدہ مند ہونا چاہیے۔انھوں نے واضح کیا کہ ایران کے مفادات کو خطے کے ممالک پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سلامتی کونسل کے رکن ممالک کے درمیان تقسیم سے کونسل کی عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے فلسطین کے سابق وزیراعظم سلام فیاض کے لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی حیثیت سے تقرر کی مخالفت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔اسرائیل ،فلسطینی تنازعے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس تنازعے کا واحد حل ''دو ریاستی حل'' ہی ہے۔انھوں نے فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کی یہودی آبادکاری کی سرگرمیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام امن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔