امریکہ کی لاہور دھماکے کی شدید مذمت ، جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

دہشتگردوں نے پر امن مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں، جنوبی ایشیائی خطے کی سیکیورٹی کے لئے پرعزم ہیں ، پاکستان و دیگر اتحادیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے،نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونر

پیر 13 فروری 2017 23:50

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2017ء) امریکہ نے لاہور میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے پر امن مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ لاہور میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے ۔

دہشتگردوں نے پر امن مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا ۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں ۔ مارک ٹونر نے کہا کہ جنوبی ایشیائی خطے کی سیکیورٹی کے لئے پرعزم ہیں ۔ پاکستان و دیگر اتحادیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے ۔واضح رہے کہ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے قریب دھماکے میں 2اعلی افسران سمیت 13افراد شہیدا ور 70سے زائد زخمی ہوگئے تھے ۔ …(م د )