کوہاٹ میں جاری آپریشن میں مزید چھ اشتہاریوںاور دو سود خوروں سمیت 60 مشتبہ افرادگرفتار

پیر 13 فروری 2017 23:21

کوہاٹ۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء)کوہاٹ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن میں مزید چھ اشتہاریوںاور دو سود خوروں سمیت ساٹھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔کاروائی میں زیر حراست افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کرلئے گئے ہیںجبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرنان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ نو سو موٹر سائیکلیں اور کالے شیشوں والی مختلف قسم کی پچاس گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی سرکوبی کیلئے واضح احکامات پر ضلع میں مطلوب اشتہاری مجرموں،منشیات فروشوںو قمار بازوں،،سود وخوروں اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران کوہاٹ پولیس نے دو دن کی مسلسل اور کامیاب آپریشن کے دوران شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں میں روپوش چھ اشتہاری مجرمان انور سعید،ذوالفقار،صلاحیت خان،جاوید الرحمان،وسیم اور سیالکوٹ پولیس کو مطلوب اشتہاری نور ولی خان عرف ککی سمیت ساٹھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،تین رائفل،دو بندوق،پندرہ پستول،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس،چھ کلو گرام چرس اور ایک سو دس بوتل شراب برآمد کرلئے ہیں۔

(جاری ہے)

کاروائی میں پولیس نے دو سود خوروں شیر محمد خان سکنہ ایف آر کوہاٹ اور محمد ادریس سکنہ خیبر ایجنسی حال توغبالا کو بھی حراست میں لیکر انکے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں انسداد سود ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس ذرائع کے بقول شہر میں کسی بھی ممکنہ خطرات کے پیش نظر بغیر نمبر پلیٹ و نان رجسٹرڈ اور کالے شیشوں کی حامل گاڑیوں کے خلاف بھی پولیس کا کریک ڈائون تسلسل سے جاری ہے اور اس ضمن میں پولیس نے مختلف شاہراہوں پر ناکہ بندیوں کے دوران نو سو موٹر سائیکلوں اور پچاس دیگر گاڑیوں کو تحویل میں لیکر انکے مالکان پر بھاری جرمانے عائد کردئیے ہیں۔