کوہاٹ،مختلف واقعات کے دوران خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ،19زخمی

پیر 13 فروری 2017 23:21

کوہاٹ۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء) کوہاٹ میں فائرنگ اور ٹریفک حادثات کے مختلف واقعات کے دوران خاتون سمیت چار افراد جاں بحق اور 19زخمی ہوگئے۔پولیس نے مسلح قاتل سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ کوہاٹ ہنگو روڈ کے علاقہ استرزئی پایاں کے موضع لاڈو میلہ میں پیش آیا جہاں رقم کے لین دین کے تناذعہ پر مبینہ ملزمان لیاقت علی اور اسکے بیٹے حسین شاہ نے تکرار کے بعد طیش میں آکر مقامی باشندے آصف علی کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔

واردات کے بعد ملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے قتل کی واردات میں ملوث ایک ملزم لیاقت علی کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے ایک بندوق ،ایک پستول اور پنچتالیس کارتوس برآمد کرکے مقتول کے والد الطاف علی کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ تھانہ استرزئی میںباپ بیٹے کے خلاف درج کرلیاہے۔

(جاری ہے)

قتل کا ایک اور واقعہ تھانہ لاچی کی حدود ورشنڈ میں رونما ہوا جہاں نامزد ملزم ولی اللہ ولد عارف خان نے اپنے دوست ثناء اللہ کو نامعلوم وجوہات کی بناء پرگولی مار کر ہلاک کردیا۔ملزم اپنے مقتول دوست کی لاش ویرانے میں چھوڑ ک فرار ہوگیا جسکے خلاف مقتول کے والد مبشر احمد نے تھانہ لاچی میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس نے روپوش ملزم کی تلاش اور وقوعہ کی اصل صورتحال معلوم کرنے کے متعلق تفتیش شروع کردی ہے۔

دریں اثناء ٹریفک کا ایک حادثہ کوہاٹ ہنگو روڈ پر میاں گڑھی چوک میں پیش آیا جہاں تیز رفتا موٹر کار نمبر LEX.5980ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے جانے والے افراد پر چڑھ دوڑی جسکے نتیجے میں ایک خاتون مسماة گلنار بیگم موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ دو افرادشبیر خان اور عزیز اللہ شدید زخمی ہوگئے ۔حادثے کے بعد موٹر کار ڈرائور گاڑی جائے وقوعہ پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

متوفیہ اور مجروحین کو لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈر ہسپتال لایا گیا جہاں پولیس تھانہ چھائونی نے مجروح شبیر خان کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ موٹ کار کے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف درج کرکے تلاش شروع کردی ہے۔مزید برآں کوہاٹ پنڈی روڈ پر توغبالا میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے دوران تیز رفتار موٹر کار کی ٹکر سے ایک مقامی باشندہ غلام صدیق موقع پر دم تو ڑگیا۔

متوفی کی لاش کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردی گئی جہاں پولیس تھانہ محمدریاض شہید نے متوفی کے بیٹے رفیق خان کی مدعیت میں نامعلوم موٹر کار ڈرائیو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ادھر ٹریفک کا ایک اور حادثہ کوہاٹ پنڈی روڈ پر گمبٹ کے قریب موٹر کار نمبر سندھ ASZ.447اور سوزوکی پک اپ نمبر MR.819کے مابین پیش آیا جسمیں نو مسافر زخمی ہوگئے ۔حادثے میں زخمی افراد کو سول ہسپتال گمبٹ منتقل کردیا گیا اور مقامی پولیس نے حادثے کا شکار دونوں گاڑیاں تحویل میں لیکر ڈرائیوروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

پنڈی روڈ پر بابری بانڈہ کے قریب پیش آنے والے ٹریفک کے ایک دوسراے حادثہ میں تیز رفتار سوزوکی پک اپ نمبر IDF.427نے رکشہ کو ٹکرماردی جسکے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور محمد افضل اور دیگر چار سواریاں زخمی ہوگئیں۔حادثے کا مقدمہ تھانہ بلی ٹنگ میں درج کرتے ہوئے پولیس نے حادثے کا شکار دونوں گاڑیا ں تحویل میں لیکر سوزوکی ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔اسی طرح تاندہ ڈیم روڈ پر موٹر سائیکل سوار تنویر خان سکنہ انبار بانڈہ مخالف سمت سے آنے والے موٹر سائیکل کی ٹکر سے زخمی ہوگیا جسے کے ڈی اے ہسپتال لایا گیا جہاں پولیس تھانہ سٹی نے انکی مدعیت میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :