کراچی میں ٹیکوں کے ذریعے پولیو ویکسن لگانے کی آٹھ روزہ انسداد پولیو مہم شروع

پیر 13 فروری 2017 23:17

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ انسداد پولیو مہم پولیو کے مکمل خاتمہ تک جاری رہے گی، حکومت پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے لئے ہر ممکنہ کو شش کر رہی ہے، سب مل کر جدوجہد کر رہے ہیں امید ہے جلد پاکستان پولیو سے پاک ملک بن جائے گا۔ انہوں نے یہ بات پیر کو کراچی میں شروع ہونے والی آٹھ روزہ انسداد پولیو مہم کے موقع پرڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان صدیقی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے ا س سے قومی وقار وابستہ ہے ۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹیکوں کے ذریعے پولیو سے حفاظت کی مہم کو کامیاب کر نے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ و تعاون فراہم کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مہم کے مقاصد حاصل ہوں ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ڈپٹی کمشنر شرقی آصف جان صدیقی نے خالد جمیل ڈسپنسری جہانگیر روڈ پر مہم کا جائزہ لیا اور میڈیا سے بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکوں کے ذریعے انسداد پولیو مہم انسداد پولیو کی ایک اہم کوشش ہے، اس کا مقصد بچوں کے اندر پولیو سے لڑنے کی مدافعت کی قوت بڑھانا ہے۔ انہوں نے والدین سے کہا کہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچانے کی اس کوشش میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں آصف جان صدیقی نے کہا کہ حکومت نے حفاظتی ٹیکے لگانے کے خصوصی اقدامات کئے ہیں، والدین اس سے استفادہ کریں اور اپنے چار ماہ سے دو سال تک کے بچوں کو ٹیکے لگوائیں تاکہ ان کی قوت مدافعت بڑھ سکے اور ان کے اندر پولیو وائرس سے لڑنے کی طاقت پیدا ہوسکے۔

اس موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں کراچی کی136 یونین کونسلوں کے حساس علاقوں میں مہم پر عملدر آمد کیا جا ئے گا۔ مجموعی طور پر چار ماہ سے 23 ماہ عمرتک کے تین لاکھ 66 ہزار سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں جائیں گے اور پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :