کوئٹہ، معیاری تعلیم کے حصول کے بغیر موجودہ چیلنجز کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا،ڈپٹی کمشنر طفیل احمد بلوچ

پیر 13 فروری 2017 23:29

کوئٹہ۔13فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر طفیل احمد بلوچ کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں یوتھ فورم گوادر کی جانب سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میںای ڈی اوعبدالوہاب بلوچ کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان ، طلباء و طالبات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طفیل احمد بلوچ نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے حصول کے بغیر موجودہ چیلنجز کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔

گوادر کے لوگوں کے لئے وسیع مواقعے موجود ہیں وہ صرف اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز رکھیں۔ معیاری تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں تربت یونیورسٹی کیمپس اور گرلز کالج کا قیام صوبائی حکومت کی تعلیم دوست پالیسیوں کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کیمپس اور گرلز کالج باقاعدہ کلاسز کا اجراء ہو چکا ہے۔

اس کے علاوہ نمل یو نیورسٹی کی جانب سے چائنیز زبان سکھانے سے متعلق کلاسز کا اجراء بھی بہت جلد کیا جائے گا۔ یہاں کے طلباء و طالبات ان مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں او مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار رکھیں۔ ڈی سی نے کہا کہ وہ ہر کام کو دل سے کرنے کے حامی ہیں اور جب کسی کام کا تہیہ کرتے ہیں تو دل سے کرتے ہیں اور اس سلسلے میں انہیں اللہ تعالیٰ کے کرم سے بہت کامیابی ملی ہے۔

انہوں نے گوادر کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر کی ترقی اور تعلیم کے فروغ کے لئے متحد ہوجائیںاور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ عوام کے تعاون کے بغیر ایک ڈپٹی کمشنر کچھ نہیں کر سکتا ۔عوام کا تعاون رہے گا تو ہم مزید کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ عوامی خدمت پر وہ نہ تو کسی کے دباؤ میں آتے ہیں۔ اور نہ ہی اس حوالے سے سمجھوتہ کرتے ہیں۔

تعلیم اور سماجی خدمت کے کاموں میں کوششیں ہمیشہ جاری رکھیں گے۔ انہو ں نے طلباء و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ لائبریری کلچر کو فورغ دیں اور علم کو اپنا ہتھیار بنائیں۔ طلباء کے لئے مزید اسکالرشپ کا اجراء کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر عبدالوہاب بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طفیل احمد بلوچ کی تعلیمی خدمات قابل ستائش ہیں۔

بحیثیت ڈپٹی کمشنر انہو ں نے تعلیم کے فروغ کے لئے جو کردار ادا کیا ہے اس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی ۔طفیل احمد بلوچ کے اعزاز میں گوادر یوتھ فورم کی جانب سے منعقدہ یہ پروگرام ایک اچھی روایت ہے۔ طفیل احمد بلوچ کی خدمات کا سلسلہ وسیع ہے۔ وہ ایک سرگرم اور علم دوست انسان ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انکی کوششوں سے یونیورسٹی کا قیام عمل میں آچکا ہے۔

یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے گھر کی دہلیز پر یونیورسٹی موجود ہے۔ ہمیں اس سے بھر پور فائدہ اٹھانا چائیے اور تعلیم کو اپنا شعار بنانا چاہیے ۔ یوتھ فورم کے صدر برکت اللہ بلوچ نے ڈپٹی کمشنر طفیل احمد بلوچ کی تعلیمی شعبے کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہو ں نے کہا کہ گوادر یوتھ فورم کی جانب سے گرلز لائبریری کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ جسے طفیل احمد بلوچ کی شاندار تعلیمی خدمات کے اعتراف میں انکے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ تقریب کے دوران طفیل احمد بلوچ کی تعلیمی خدمات سے متعلق بڑی اسکرین پر پرزینٹیشن بھی پیش کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :