وزیراعظم محمد کی زیر صدارت اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 13 ویں سربراہ اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

رکن ممالک کے سینئر حکام اور وزراء کا اجلاس 26 سے 28 فروری تک اسلام آباد میں ہو گا

پیر 13 فروری 2017 22:17

وزیراعظم محمد کی زیر صدارت اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 13 ویں سربراہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 13 ویں سربراہ اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا جو یکم مارچ 2017ء کو اسلام آباد میں ہو گا۔ رکن ممالک کے سینئر حکام اور وزراء کا اجلاس 26 سے 28 فروری تک اسلام آباد میں ہو گا۔ وزیراعظم کو سربراہ اجلاس کے ایجنڈا سے آگاہ کیا گیا جن میں اب تک ہونے والے انتظامات بھی شامل ہیں۔

انہیں بتایا گیا کہ اعلامیہ اسلام آباد علاقائی خوشحالی کیلئے رابطہ کے موضوع پر مبنی ہو گا۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ 13 ویں سربراہ اجلاس میں ای سی او کے وژن 2025ء کے فیصلہ کی توقع ہے جس میں ترقی کے بنیادی اصول، علاقائی یکجہتی اور خطہ کے عوام کیلئے سازگار فضاء اور استحکام شامل ہے تاکہ ترقی کیلئے وہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

(جاری ہے)

سربراہ اجلاس کیلئے تعاون کے جن شعبوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں تجارت، ٹرانسپورٹ و رابطہ، توانائی، سیاحت، اقتصادی ترقی، پیداواریت، سماجی بہبود اور ماحولیات شامل ہیں۔ سربراہ اجلاس میں افغانستان کے وزیر خارجہ، آذربائیجان کے صدر، ایران کے صدر، قزاخستان کے صدر/وزیراعظم، کرغزستان کے وزیراعظم، تاجکستان کے صدر، ترکی کے صدر، ترکمانستان کے صدر اور ازبکستان کے نائب وزیراعظم شرکت کریں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سربراہ اجلاس میں شرکت کرنے والے وفود کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :