ڈاکٹر طاہر القادری کی مال روڈ لاہور پر خود کش دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت

ایکشن پلان کو سرد خانے میں ڈالنے ، فوجی عدالتیں بند کرنے والے شہداء کے ورثاء کو جوابدہ ہیں ، دھماکہ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مشترکہ ناکامی ہے ، قائد عوامی تحریک

پیر 13 فروری 2017 21:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مال روڈ لاہور پر خود کش دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہے۔انہوں نے کہا کہ خود کش دھماکہ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مشترکہ ناکامی ہے۔پر امن احتجاج ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے۔

حکومت نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ضمن میں مجرمانہ کردار کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خود کش دھماکے سے ثابت ہو گیا کہ دہشتگرد اور انکے سہولت کار ختم نہیں ہوئے ،وہ آج بھی دائیں بائیں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کو سرد خانے میں رکھنے والے اور فوجی عدالتوں کو بند کرنے والے حکمران مال روڈ کے شہداء کے ورثاء کو جوابدہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک موجودہ حکمران اور یہ قاتل نظام برقرار رہے گا ،شہری مرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ سماء نیوز کے کیمرہ مین تیمور کی شہادت پر دلی افسوس کااظہار کرتے ہوئے سمائ نیوز کے کیمرہ مین تیمور اوردھماکہ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور زخمیوں کی جلد سے جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔