ایوان بالا نے پشاور اور لاہور کے درمیان پی آئی اے پروازوں کے موجودہ اوقات میں تبدیلی کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی

پیر 13 فروری 2017 21:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء) ایوان بالا نے پشاور اور لاہور کے درمیان پی آئی اے کی پروازوں کے موجودہ اوقات میں تبدیلی کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر اعظم سواتی نے اپنی اور دیگر ارکان کی طرف سے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ حکومت پشاور اور لاہور کے درمیان پی آئی اے کو پروازیں چلانے اور کراچی سے پشاور پی آئی اے پروازوں کے موجودہ اوقات میں تبدیلی لانے کے لئے ضروری اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوریوں کو کم کرنے اور معاشی استحکام کے لئے مزید پروازوں اور موجودہ پروازوں کے اوقات بہتر کئے جائیں۔ سینیٹر شاہی سید اور سینیٹر سردار اعظم موسیٰ خیل نے بھی اس کی تائید کی۔ وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پروازوں کے اوقات کے مسئلہ پر پی آئی اے حکام سے بات کی ہے۔ 5 بجے صبح اور دن ڈیڑھ بجے پرواز جاتی تھی، پی آئی اے حکام سے بات کی ہے، اب ساڑھے 9 بجے اور شام ساڑھے 6 بجے پرواز جائے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے قرارداد پر ایوان کی رائے حاصل کی۔ ایوان بالا نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری دے دی۔