سینیٹ اجلاس ،ْ سینیٹر مشاہد حسین سید کی خوش دامن، بانو قدسیہ اور حمیدہ کھوڑو کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی

معروف دانشور بانو قدسیہ اور حمیدہ کھوڑو مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور

پیر 13 فروری 2017 20:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2017ء) سینیٹ اجلاس کے دور ان سینیٹر مشاہد حسین سید کی خوش دامن، بانو قدسیہ اور حمیدہ کھوڑو کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ پیر کو اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے ان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرائی۔اجلاس کے دور ان سینیٹر شبلی فراز نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان معروف ادیب اور دانشور بانو قدسیہ مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بانو قدسیہ نے جو ادبی خدمات سرانجام دیں، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ایوان بالا نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری دے دی۔ قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان سابق صوبائی وزیر تعلیم سندھ حمیدہ کھوڑو کی ادب اور تعلیم کے میدان میں خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ قرارداد میں لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے قراردادوں پر ایوان کی رائے حاصل کی۔ ایوان بالا نے اتفاق رائے سے قراردادوں کی منظوری دے دی۔ دونوں قراردادوں کی کاپی پسماندگان کو بھجوائی جائیگی۔