بھارت ڈونلڈ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے سے غلط فہمی میں مبتلا ہے،جماعة الدعوة پاکستان کے مرکزی رہنما سیف اللہ خالد

پیر 13 فروری 2017 20:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2017ء) جماعة الدعوة پاکستان کے مرکزی رہنما سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ بھارت ڈونلڈ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے سے غلط فہمی میں مبتلا ہے، کشمیر کی تحریک آزادی کو کچلنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ ملک گیر سطح پر کشمیر کے لیے بڑی تحریک کا آغاز کردیا۔ کارکنان صبر و استقامت کے ساتھ تحریک کو مزید تیز کریں۔

کشمیر پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ حکومت بھی محض بیانات تک محدود رہنے کی بجائے کشمیریوں کی وکالت کا حق ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں کارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں شہر بھر سے ذمے داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

نشست سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما حاجی محمد اشرف اور مسئول کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔

سیف اللہ خالد نے کہا کہ کشمیر ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ اگر کشمیری پاکستان کا پرچم لہرا سکتے ہیں تو ہم کیوں ان کے لیے آواز بلند نہیں کرسکتی کشمیری سخت حالات کے باوجود پاکستان کی سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ خطے میں امن اور پاکستان کی بقا کشمیر سے منسلک ہے۔ ان حالات میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کا کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونا وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی کے اقتدار میں رہنے سے امریکا و بھارت ہی نقصان اٹھائیں گے۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا ان کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ مسلم حکمران امریکی پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قومی مفادات کو مقدم رکھیں۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ ملک میں غیر ضرورری ایشوز کو ہوا دے کر اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے۔

ہماری اولین ترجیح کشمیر کی تحریک آزادی ہے۔ کشمیر کے لیے مضبوط کردار ادا کرنے سے ہی اس مسئلے کا حل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف متحد ہوچکے ہیں۔ مودی نے پاکستان توڑنے کا اقرار کرکے بین الاقوامی مجرم ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ حافظ محمد سعید کو نظر بند کرنے کی بجائے مودی کو گرفتار کیا جائے۔ حکمران اہل اسلام سے تمام جیلیں بھردیں وہ پھر بھی کشمیریوں کا راستہ روک نہیں سکیں گے۔ حافظ محمد سعید نے 2017ء کو کشمیر کا سال قرار دیا ہے، پوری قوم کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔