ملک میں دہشت گردی کافی حد تک کم ہو چکی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی بدولت دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، نیکٹا کو رواں سال ڈیڑھ ارب روپے دے چکے ہیں

وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر محمد بلیغ الرحمان کا ایوان بالا میں اظہارخیال

پیر 13 فروری 2017 19:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء) وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کافی حد تک کم ہو چکی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی بدولت دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، نیپ کے ہر ہر نکتے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، نیکٹا کو رواں سال ڈیڑھ ارب روپے دے چکے ہیں۔

پیر کو ایوان بالا میں سینیٹر سحر کامران کی نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی موجودہ حیثیت کو زیر بحث لانے کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ اس معاملے پر پہلے بھی کافی دفعہ بحث ہو چکی ہے اور ہم نے تفصیل سے جواب دیا ہے۔ آج ملک میں امن و امان اور معاشی صورتحال بہت بہتر ہے، دہشت گردی کم ہوئی ہے، نیشنل ایکشن پلان کی بدولت یہ کامیابی ہوئی ہے، وزیراعظم نے خود اس پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور نگرانی کی، آج پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں بہت حد تک کمی ہو چکی ہے، نیکٹا کا بجٹ چند سال پہلے 10 سے 11 کروڑ تھا۔

(جاری ہے)

اس سال اس ادارے کو ڈیڑھ ارب روپے دے چکے ہیں۔ ادارے کے سربراہ نے خود کہا کہ ابھی مزید پیسوں کی ضرورت نہیں ہے، بہت سے آفیسرز بھرتی کرلئے ہیں، بہت سی بھرتیاں زیر عمل ہیں، نفرت انگیز تقاریر، اڑھائی لاکھ کالیں، ریسیو ہوئی ہیں۔ نیپ کے تحت ہیلپ لائن پر 16 ہزار 600 لائوڈ سپیکرز کے غلط استعمال پر مقدمات درج کئے گئے 1335 کیس رجسٹر ہوئے، نفرت انگیز تقاریر پر یہ کارروائیاں پہلے کب کی گئی تھیں۔

نیپ کے تحٹ کئی اقدامات ہوئے ہیں۔ 98.3 ملین سمیں بلاک کی گئیں، آج تمام سمیں بائیو میٹرک ہیں، پہلے دھماکوں میں یہ سمیں استعمال کی جاتی تھیں۔ نیپ کے ہر نکتہ پر صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ کراچی میں آج دہشت گرد پکڑے جا رہے ہیں، دفاتر سیل ہو رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف کراچی میں آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا، نیپ پر عمل درآمد کا معاملہ وزیراعظم کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جنجوعہ دیکھ رہے ہیں۔ حکومت کی سنجیدگی کی بدولت یہ کامیابیاں ممکن ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :