نواز شریف ماہ رمضان کے فوری بعد عام انتخابات کا اعلان کرینگے،نبیل گبول کا دعویٰ

پاناما کیس میں مریم نواز ،حسن اور حسین کیلئے اچھا فیصلہ نہیں آئیگا،عمران کیلئے بہترین وقت ہے وہ پاناما کو چھوڑ کر گرینڈالائنس بنائیں اورانتخابی مہم شروع کر دیں،سندھ میں پیپلز پارٹی کیخلاف ایک بڑا گرینڈ الائنس بننے جارہا ہے، ممتاز سیاستدان کی آن لائن سے خصوصی گفتگو

پیر 13 فروری 2017 18:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2017ء) ممتاز سیاستدان نبیل گبول نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف رمضان المبارک کے فوری بعد جون 2017ء میں عام انتخابات کروانے کا ارادہ کرچکے ہیں ۔ من پسند سروے رپورٹس کے ذریعے میاں نواز شریف اپنے حق میں رائے عامہ ہموار کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ پاناما کیس میں مریم نواز سمیت وزیراعظم کے دونوں بیٹوں کی قربانی ہونے کے امکانات نظر آرہے ہیں ۔

عمران خان پاناما کیس سے ہٹ کر اب الائنس بنا کر انتخابی مہم کا آغاز کردیں تو بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں ، سندھ میں پیپلز پارٹی کیخلاف ایک گرینڈ الائنس بننے جارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آن لائن کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کی سماعت سے میں ذاتی طورپر یہ محسوس کررہا ہو ںکہ وزیراعظم میاں نواز شریف بذات خود متاثر نہیں ہونگے کیونکہ انہوں نے اپنے بچوں کو آگے کردیا ہے البتہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ پاناما کیس میں بڑی قربانی مریم نواز کی ہوگی کیونکہ منی ٹرائل میں تمام ثبوت بچوں کیخلاف ہی جارہے ہیں نبیل گبول نے کہا کہ محترمہ مریم نواز کے متاثر ہونے سے نواز شریف کی سیاست کو بہت بڑا دھچکا لگے گا کیونکہ میاں نواز شریف 2018ء میں مریم نواز کو آگے لانے کیلئے ہوم ورک مکمل کرچکے تھے اور موجودہ حکومت میں مریم نواز کو اسی لئے مرکزی حیثیت حاصل رہی لیکن پاناما کیس کا جو فیصلہ آنیوالا ہے اس سے مسلم لیگ (ن) کو مجموعی طور پر بہت زیادہ نقصان ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک وقت آگیا ہے کہ عمران خان پاناما کیس سے ہٹ کر آئندہ عام انتخابات کیلئے الائنس بنائیں کیونکہ جون 2017ء میں عام انتخاابت کروانے کیلئے حکومت بہت دلچسپی سے کام کررہی ہے اسی لئے اپنی مرضی کے سروے کروا کر حکومت اورمیاں نواز شریف کو پاپولر سیاستدان کے طور پر پیش کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پیپلز پارٹی الائنس بنا کر الیکشن لڑیں تو مسلم لیگ (ن) کیلئے بہت مشکل پیدا ہوسکتی ہیں نبیل گبول نے کہا کہ میں ڈان لیکس کی رپورٹ کو پاناما کیس سے بھی زیادہ خطرناک سمجھتا ہوں کیونکہ ڈان لیکس بابت حتمی رپورٹ تیار ہوکر وزیر داخلہ کی میز پر پڑی ہوئی ہے اور وہ اسے جان بوجھ کر جاری کرنے سے گھبرا رہے ہیں اورمیری معلومات کے مطابق حکومت اس رپورٹ میں پتلی گردن والو ںکو پھانسنے کی کوشش کررہی ہے اور موٹی گردن والے سب کو کلین چٹ دینے کی تیاری ہورہی ہے اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کی وجہ سے اداروں میں بہت بے چینی پائی جاتی ہے اوراس رپورٹ کا منظر عام پر نہ آنا جمہوریت کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے نبیل گبول نے سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سیاسی تبدیلی کیلئے دوبئی میں سیاستدانوں کی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور سا بق صدر جنرل پرویز مشرف ایم کیو ایم پاکستان اور مصطفی کمال گروپ کو نہ صرف ایک پارٹی بنانے کی کوشش کررہے ہیں بلکہ ایک گرینڈ الائنس کے ذریعے آئندہ عام انتخابات کیلئے طاقتور امیدواروں کا ایک ایسا گروپ تیار کیا جارہا ہے جو آئندہ الیکشن میں الیکشن جیت سکتے ہوں گرینڈ الائنس پیپلز پارٹی کیلئے مشکلات پیدا کرسکتا ہے