مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری شہید، وادی میں بھارت مخالف احتجاج کی نئی لہر شروع

نوجوانوں کی شہادتوں کے بعد وادی میں ہنگامے پھوٹ پڑے بھارتی فوج کی شہدا کے جنازوں پر فائرنگ اور پیلٹ گن کا استعمال،2روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد 8ہوگئی ،حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال آسیہ اندرابی اور ان کی رفیق صوفی فہمیدہ گرفتار، تھانے منتقل کردیا گیا،سرینگر، کولگام، اننت ناگ، سوپور اور دیگر اضلاع میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات بھارت اس طرح کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتا،بھارتی حکومت اپنی ضد چھوڑ دے اور کشمیر کے تنازع کو مقامی آبادی کی خواہشات کے مطابق حل کرے، آزادی ہمارا مقدر ہے ، کشمیری شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،حریت رہنمائوں کی وادی میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت

پیر 13 فروری 2017 16:12

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد وادی میں ہنگامے پھوٹ پڑے بھارتی فوج کی جانب سے شہدا کے جنازوں پر فائرنگ اور پیلٹ گن کے استعمال سے مزید 2 کشمیر ی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے جس کے بعد 2 روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی،حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی ،بھارتی فوج نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی رفیق صوفی فہمیدہ کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ،حریت کانفرنسکے رہنمائوں نے وادی میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اس طرح کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 6 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد وادی میں ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں بھارتی فوج کی جانب سے شہدا کے جنازوں پر فائرنگ اور پیلٹ گن کے استعمال سے مزید 2کشمیری شہید جبکہ متعددافراد زخمی بھی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مظاہرین اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں مظاہرین کی جانب سے کشمیر بنے کا پاکستان کے نعرے اور پاکسانی پرچم بھی لہرایا گیا ۔

حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ سرینگر، کلگام، اننت ناگ، سوپور اور دیگر اضلاع میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔گزشتہ روز بھارتی فوج کے ہاتھوں 6 افراد کی شہادت کے خلاف کشمیری عوام کی بڑی تعداد پرامن احتجاج کررہی ہے تاہم بھارتی فوج پرامن احتجاج کرنے والوں پر گولیاں برسا رہی ہیں، ظلم اور بربریت کے اس بھارتی کھیل میں مزید 2 کشمیری شہید جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی جدو جہد میں مصروف تنظیم دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی رفیق صوفی فہمیدہ کو حراست میں لے کر انہیں تھانے منتقل کردیا ہے، آسیہ اندرابی کو گزشتہ برس 21 دسمبر کو بارہ مولا کی جیل سے رہائی ملی تھی لیکن وہ اس وقت سے اپنے گھر میں نظر بند تھیں۔مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے بڑھتے مظالم پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سینئیر رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت اپنی ضد چھوڑ دے اور کشمیر کے تنازع کو مقامی آبادی کی خواہشات کے مطابق حل کرے۔

آزادی ہمارا مقدر ہے ، کشمیری شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ مقبوضہ وادی میں جاری تحریک مقامی افراد کے جذبات کی آئینہ دار ہے اور اسے صرف اور صرف کشمیریوں ہی کی حمایت حاصل ہے، کشمیریوں کا انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں، ہم صرف اپنے حق خود ارادیت کے لئے جدو جہد کررہے ہیں۔