سی پی این ای کی سما ٹی وی کی وین پر حملے کی مذمت ، اسسٹنٹ کیمرہ مین کی شہادت پر افسوس کا اظہار

اتوار 12 فروری 2017 23:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2017ء) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے سماء ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت اور اسسٹنٹ کیمرہ مین تیمور کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے صحافی برادری پر حملہ تصور کیا ہے۔

(جاری ہے)

سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد،سینئر نائب صدر شاہین قریشی، سیکریٹری جنرل اعجازالحق و دیگر عہدیداران نے کہا ہے کہ صحافیوں کو حق و سچ لکھنے اور آزادی اظہار رائے کی پاسداری کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور اخبارات کے دفاتر اور میڈیا ہاؤسز کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے۔ واضح رہے کہ سیکورٹی و ریسکیو ذرائع کے مطابق کے ڈی اے چورنگی پر سماء ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر نا معلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس میں اسسٹنٹ کیمرہ مین تیمور شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔