وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی کراچی میں سماء ٹی وی کی ڈی ایس این جی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت

تیمور کی شہادت پوری میڈیا انڈسٹری کے اوپر حملہ ہے ‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں میڈیا کے کردار کی وجہ سے میڈیا کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے‘ نیشنل ایکشن پلان اور کراچی آپریشن میں میڈیا کا انتہائی اہم کردار ہے‘ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور میڈیا پر حملوں کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا‘ صوبائی حکومت واقعہ کی تحقیقات کرکے ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے‘مریم اورنگزیب

اتوار 12 فروری 2017 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء) وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کراچی میں سماء ٹی وی کی ڈی ایس این جی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے اسسٹنٹ تیمور کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تیمور کی شہادت پوری میڈیا انڈسٹری کے اوپر حملہ ہے ‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں میڈیا کے کردار کی وجہ سے میڈیا کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے‘ نیشنل ایکشن پلان اور کراچی آپریشن میں میڈیا کا انتہائی اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور میڈیا پر حملوں کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میڈیا کے اداروں اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام صوبوں کے تعاون سے اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ صحافی اپنے فرائض بلاخوف و خطرہ سرانجام دے سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کرکے ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ اور صوبائی حکومت سے اس سلسلے میں رابطہ کیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ بطور وزیر مملکت اطلاعات تیمور میری ٹیم کا حصہ تھے‘ واقعہ کی تحقیقات کی خود پیروی کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ سیکیورٹی اور ویلفیئر بل 2017 مکمل ہو چکا ہے‘بل رائے کے لیے میڈیا ہاؤسز کے پاس ہے ، جلد پارلیمنٹ سے منظور ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سماء کی پوری ٹیم اور انتظامیہ کے غم میں شریک ہوں‘جرنلسٹ کی سیکیورٹی کے ضابطے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔