پنجاب حکومت ٹورازم انڈسٹری کے فروغ کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے‘ رائے حیدر علی

اتوار 12 فروری 2017 23:00

لاہور۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے سیاحت رائے حید ر علی نے کہاہے کہ حکومت ٹورزم انڈسٹری کو فروغ دینے کے لئے موثراقدامات اٹھا رہی ہے اور قومی و بین الاقوامی سیاحوں کی کشش کے لئے تاریخی مقامات کی بحالی اور ان کے قریبی مقامات پر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ بہاولپور میںٹی ڈی سی پی ڈیزرٹ ریلی کے ضمن میں منعقدہ کلچرل نائٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی عالمی سطح پر متعارف ہو چکی ہے جس کی وجہ سے اس ایونٹ میںغیر ملکی ڈرائیورز اور شائقین کی بڑی تعداد کی شرکت ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کی وجہ سے مقامی باشندوں کو بھی معاشی سرگرمیوں کے مواقع میسر آئے ہیںاور یہاں کی ثقافت بھی قومی منظر نامے پر نمایاں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ ریلی سے منسلکہ پروگراموں کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ مثبت سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ خطہ کی زرخیز تہذیب وثقافت بھی نمایاں ہو سکے۔12ویں ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزرٹ ریلی کی تقریبات کے سلسلہ میں تاریخی قلعہ ڈیراور کو رنگ برنگ برقی قمقموں سے سجایا گیا اور اس کے صدر دروازے کے سامنے کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک کے نامور گلوکار شفقت امانت علی اور مقامی چولستانی گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

کلچرل نائٹ کے موقع پر منعقدہ تقریب میںکمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر، سول وملٹری اعلیٰ حکام، ریلی میں حصہ لینے والے ملکی وغیر ملکی ڈرائیورز اور شائقین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر نصف گھنٹے پر محیط آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔کلچرل نائٹ کے موقع پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا۔

متعلقہ عنوان :