حکومت اس وقت ڈیڑھ ہزار ارب روپے کی لاگت سے ملکی ترقی اور عوامی بہبود کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے‘ صوبائی وزیر قانون

اتوار 12 فروری 2017 23:00

$ فیصل آباد ۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اس وقت ڈیڑھ ہزار ارب روپے کی لاگت سے ملکی ترقی اور عوامی بہبود کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور رواں سال ان منصوبوں کی تکمیل کا سال ہے جس میں سرخرو ہو کر کارکردگی کی بنا پر آئندہ الیکشن میں حصہ لیںگے اور عوام کی حمایت سے ترقی و خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔

انہوں نے یہ بات گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کے توسیعی منصوبے کی تعمیراتی پیش رفت سے متعلق بریفنگ لینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس منصوبے کے تحت ایک ارب روپے کے خطیر فنڈز سے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کو 50 سے 255 بیڈز تک توسیع دی جارہی ہے جس کی پر شکوہ عمارت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر ‘ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈاکٹر راشد مقبول ‘ ڈاکٹر خالد فخر ‘سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر نوازش گورایہ ‘ اسسٹنٹ کمشنر سٹی بلاول ابڑو ‘ ایس ڈی او بلڈنگز سارہ قمراور دیگر افسران کے علاوہ رانا احمد شہر یار خاں ‘مختلف یونین کونسلز کے چیئرمین/ وائس چیئرمین / کونسلرز ‘ پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے اراکین ‘ عمائدین علاقہ اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکن موجود تھے ۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف ملک سے انرجی بحران ‘ دہشت گردی اور بے روز گاری سمیت دیگر مسائل کو دور کرنے کے لئے دل و جان سے کوشاں ہیں جبکہ تعلیم ‘ صحت ‘ مواصلات اور سماجی ترقی کے دیگر شعبوں کے استحکام و ترقی کے لئے وسیع تر اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات ان کے گھروں کے قریب میسر آسکیں ‘ گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کی توسیع بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جو کہ علاقہ کی اہم ضرورت ہونے کی بنا پر کسی بھی نعمت سے کم نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کے توسیعی منصوبے کا خواب پورا ہونے کے قریب تر ہے جس کی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے بعض پابندیوں میں نرمی کرکے خصوصی منظوری دی تھی ۔انہوں نے کہا کہ اعلی تعمیراتی معیار اور طبی سہولتوں کے اعتبار سے اس منصوبے کو پائیداری سے ہمکنار کیا گیا ہے تاکہ لمبی مدت تک اس عمارت کی شان و شوکت برقرار رہے اور آئندہ نسلیں اس سے کما حقہ مستفید ہو سکیں ۔

صوبائی وزیر قانون نے بتایا کہ خصوصی توجہ اور دلچسپی سے سمن آباد میں پچاس بستروں کے جنرل ہسپتال کی سروسز کا معیار بہتر ہونے کی بدولت ناقابل یقین تعدار میں مریضوں نے علاج معالجہ کے لئے اس ہسپتال سے رجوع کیا جس سے ہسپتال کی گنجائش کو ناکافی سمجھتے ہوئے توسیع کا فیصلہ کیا گیا جسے مستقبل میں ضرورت کے مطابق مزید وسیع کا ادارہ بھی رکھتے ہیں۔

انہوں نے ہسپتال کے تقاضوں کے مطابق طبی مشینری کی خریداری اور دیگر انتظامی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو ذمہ داری سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی ۔ صوبائی وزیر قانون نے حلقہ پی پی 70 میں دو گرلز کالجز کے قیام ‘ سکولوں ‘ سڑکوں و پارکس کی تعمیر و بحالی کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ضرورت کا اب کوئی بڑا منصوبہ باقی نہیں رہا تاہم گلیوں و محلوں کی تعمیر و ترقی کے لئے یونین کونسلز کے چیئرمین اپنا کردار ادا کرتے ہوئے عوامی ضرورت کی ترقیاتی سکیموں کی نشاندہی کریں اور اپنے آپ کو بااختیار سمجھتے ہوئے عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میںکینال ایکسپریس وے ‘ جھال چوک انڈر پاس و فلائی اوور ‘ ایشیاء کا بڑا چلڈرن ہسپتال ‘ واٹر سپلائی پراجیکٹ اور دیگر میگاپراجیکٹس کی تکمیل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین نے جھوٹے پراپیگنڈے ‘ دھرنوں ‘ ہڑتالوں ‘ لانگ مارچ ‘ لاک ڈائون اور انتشار کے ذریعے ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے عمل کو روکنے کی کوشش کی لیکن عوام ان کی چالوں میں نہیں آئے ۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار ہزار ارب روپے سے سی پیک کا منصوبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہے جسے متنازعہ بنانے کے لئے بھی سازشیں کی گئیں لیکن وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں سی پیک ‘موٹر ویز ‘ انرجی پلانٹس اور دیگر کئی بڑے منصوبے مکمل کرکے پاکستان کو مسائل کے چنگل سے نکالیں گے ۔ اس سے قبل پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے خطاب کرتے ہوئے شعبہ طب میں گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کو بڑی اہمیت و افادیت کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال میں دور جدید کی تمام طبی سہولیات دستیاب ہونگی جس کے لئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں کی گرانقدرکاوشیں قابل ستائش ہیں ۔

سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر نوازش گورایہ نے کہا کہ اس ہسپتال کے فنکشنل ہونے سے دیگر بڑے ہسپتالوں کا بوجھ کم ہو گا اور مریضوں کو علاج کے لئے دور نہیں جانا پڑے گا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد فخر نے توسیعی منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چھ منزلہ ہسپتال میں طب کے تمام ضرری شعبے کام کر یں گے جسے آئندہ جولائی تک فنکشنل بنا دیا جائے گا۔

انہوں نے علاقہ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں کی خصوصی دلچسپی سے یہ منصوبہ بڑی تیزی سے مکمل ہو رہا ہے جس کی بدولت شہر کے اس حصے کی آبادی کو علاج کی جدید اور بہتر سہولیات حاصل ہونگی ۔ اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل میاں جمشید نے علاقہ کے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے کہاکہ یہ ہسپتال حکومت پنجاب کی طرف سے گرانقدر ترقیاتی تحفہ ہے جس کے لئے وہ رانا ثناء الله خاں کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے مختلف شعبوں میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کر کے علاقہ کو خوشحال اور عوام کو بے حد ریلیف فراہم کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :