میڈیکل آفیسرز کی 80فیصد سے زائد اسامیوں پر بھرتیاں مکمل کردی گئیں، شہرام تراکئی

اتوار 12 فروری 2017 22:52

پشاور۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء)وزیر صحت شہراہم ترکئی نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا کے تمام دیہی مراکز صحت میں لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات اور خدمات کی چوبیس گھنٹے فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے دیگر ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ ان مراکز صحت میں ڈاکٹروں کی کمی کو سو فیصد پورا کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیںجس کے نتیجے میں اب تک دیہی مراکز صحت میں میڈیکل آفیسرز کی 80فیصد سے زائد خالی آسامیاں پر ہو چکی ہیںجبکہ باقی ماندہ آسامیوں کو پر کرنے کے لئے حال ہی میں ایڈہاک بنیادوں پر تقریباٌ1500میڈیکل آفیسرز بھرتی کئے گئے ہیں اور اس مہنیے کے آخر تک ان مراکزمیں ڈاکٹروں کی سو فیصد خالی آسامیاں پُر ہوجائیں گی ۔

وہ خیبر پختونخوا ہیلتھ روڈمیپ پرپیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

سیکریٹری صحت اور محکمے کے دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ ہیلتھ روڈ میپ کے شراکت دار بین الاقوامی اداروں بشمول ڈی ایف آئی ڈی ، ٹی آر ایف اور ایوا ۔ بی ایچ این کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کے شرکا ء کوصوبہ بھر کے دیہی مراکز صحت میں علاج معالجے کی سہولیات کی چوبیس گھنٹے فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ڈاکٹروں سمیت دیگر ضروری عملے کی تعیناتی ، ادویات اور طبی آلات کی دستیابی کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت کے بارے میں محکمہ صحت کے اینڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی تیار کردہ رپورٹ کی روشنی میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ سال ستمبر کے مہینے تک دیہی مراکز صحت میں میڈیکل آفیسرز کی 75فیصد آسامیاں خالی ہوچکی تھیں جبکہ اس سال جنوری کے مہینے تک یہ شرح 80فیصد سے بڑھ چکی ہے ۔صوبائی حکومت نے حال ہی میں ایڈہاک بنیادوں پر تقریباٌ 1500میڈیکل آفیسررز بھرتی کئے ہیں اور اُمید ہے کہ اس مہینے کے آخر تک دیہی مراکز صحت میں ڈاکٹروں کی سوفیصد اسامیاں پر ہو جائیں گی ۔اجلاس کو یہ بھی بتایاگیا کہ ان مراکز صحت میں ضروری ادویات کی دستیابی میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے اور اس وقت ان مراکز میں دو ہفتوں کے لئے ادویات کا اسٹاک موجود ہے ۔