خیبر پختونخوا میںسی پیک انفراسٹرکچر پر ورکنگ گروپ نے اپنا کام تیز کر دیا ہے

اس بین الاقوامی گیم چینجر منصوبے کیلئے ہمیں پورے جذبے، تندہی اور قوت فیصلہ کے ساتھ تیاریاں مکمل کرنی ہیں، اکبر ایوب خان

اتوار 12 فروری 2017 22:52

پشاور۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء)خیبر پختونخوا میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت منظور شدہ منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر پیشرفت کیلئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی طرف سے محکمہ منصوبہ بندی کے پلاننگ سیل میں قائم کردہ انفراسٹرکچر ورکنگ گروپ نے اپنا کام برق رفتاری کے ساتھ نمٹانا شروع کر دیا ہے ٹرانسپورٹ، ہائوسنگ، شہری ترقی اور انفراسٹرکچر پر ورکنگ گروپ کے سربراہ اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان کو پشاور میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان ریلویز، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پختونخوا ہائی اتھارٹی، ہائوسنگ، ٹرانسپورٹ، بلدیات، پشاور ترقیاتی ادارہ اور ڈبلیو ایس ایس پی سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوںکی سات مختلف وزارتوں اور اداروں کے سربراہوں نے تفصیلی بریفنگ دی اور نقشوں، چارٹوں و ملٹی میڈیا کے ذریعے سی پیک کے تناظر میں مشرقی و مغربی روٹ سے گزرنے والے تجارتی قافلوں کی سہولت اور متعلقہ لوازمات کی تکمیل کے ضمن میں جامع پریزنٹیشن پیش کیں، اکبر ایوب خان نے ٹھوس پیشرفت کیلئے ورکنگ گروپ کے اجلاس ہفتہ وار بنیاد پر منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس بین الاقوامی گیم چینجر منصوبے کیلئے ہمیں پورے جذبے، تندہی اور قوت فیصلہ کے ساتھ تمام تیاریاں مکمل کرنی ہیں انہوں نے انکشاف کیا کہ سی پیک کے تحت کھربوں روپے کی سرمایہ کاری سے شاہراہ قراقرم، سلک روٹ، بشام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، حویلیاں، چترال تا چکدرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان نہ صرف ہزارہ، ملاکنڈ اور جنوبی اضلاع بلکہ فاٹا تک نئی شاہراہوں اور ریل ٹریک کی تعمیر و کشادگی کے علاوہ صوبائی دارلحکومت کے گرد ایک اور زیادہ وسیع نیا رنگ روڈ ریپڈ بس اور سرکلر ریلوے نظام بھی پلان کا حصہ بنایا جا رہے ہیں اسی طرح چھ نئے میگا رہائشی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں گے جبکہ 55ارب روپے کی لاگت سے پشاور میں شہری ترقی کی چار بڑی سکیمیں بھی اس کا جز بنا دی گئی ہیں جن میں 12ارب روپے کے خطیر فنڈ سے موجودہ رنگ روڈ کے سروس روڈز سمیت پجگی روڈ، وارسک روڈ تا جمرود روڈ کی ہر لحاظ سے تکمیل، 10ارب روپے سے چمکنی کے قریب موٹر وے سے ملحقہ نئے وسیع و آراستہ بس ٹرمینل کی تعمیر، ساڑھے دس ارب روپے کے فنڈ سے حیات آباد فیز ٹو میں جدید رہائشی، کمرشل و تفریحی کمپلیکس کا قیام اور 22ارب روپے کے خرچ سے ریگی ماڈل ٹائون میں ہیلتھ سٹی کی تعمیر شامل ہیں ،اکبر ایوب خان نے کہا کہ اگرچہ سی پیک میں ہمارے صوبے کے اتنے بڑے منصو بے وزیرعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں ٹیم کے دورہ چین اوروہاں کی حکومت کی باضابطہ گارنٹی کے تحت شامل کئے جا رہے ہیں تاہم ہم تمام وفاقی وزارتوں اور اداروں سے بھی مخلصانہ تعاون کی امید رکھنے میں حق بجانب ہیں کیونکہ ہم فیڈریشن اور قومی یکجہتی پر یقین رکھنے والی حکومت اور عوام ہیں انہوں نے اراضی کی خریداری سمیت مجوزہ تمام منصوبوں کے امکانی رپورٹس اور پی سی ون اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔