ایک ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے ، آئندہ دسمبر میں حاصل کر لیا جائے گا ، مشتاق غنی

اتوار 12 فروری 2017 22:52

پشاور۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ ’’بلین ٹری سونامی ‘‘ پروگرام کے تحت موجودہ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں پانچ سال کے دوران ایک ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا تھا لیکن صوبائی حکومت یہ ہدف اب تین سال میں حاصل کر لے گی اور اب تک سات ارب روپے کی لاگت سے 60کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوار کے روز ہزارہ ڈویژن میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے آغاز پر ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں پودا لگانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان نئے پودوں کی کامیابی کی شرح 85فیصد ہے جس کی تصدیق ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ اور اس طرح کے دیگر اداروں نے بلین ٹری سونامی پروگرام کی آزدانہ مانیٹرنگ کے بعد سرٹیفیکیٹ کی شکل میں کی ہے ‘صوبائی حکومت نے اپنے عظیم شجرکاری منصوبے کو شفاف بنانے کی غرض سے ’’گوگل‘‘ اور بین الاقوامی اداروں کے ذریعے غیر جانبدار مانیٹرنگ کے علاوہ نئے پودوں کو پروان چڑھانے کے لئے مقامی آبادیوں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ رواں سیزن میں ناقابل رسائی پہاڑوں پر شجرکاری کے لئے فضا سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ڈیڑھ ٹن بیج برسائے جائیں گے ۔ انہو ںنے کہا کہ رواں موسم میں صوبہ بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے علاوہ دیگر تعلیمی اداروں میں بھی شجرکاری کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔