وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف کی سیالکوٹ میں کچہری ، شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایات جا ری کیں

اتوار 12 فروری 2017 22:52

سیالکوٹ ۔12فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء)وفاقی وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس پیرس روڈ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا،انہوں نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کے مقامی حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے تاکید کی وہ اپنے فرائض منصبی جذبہ خدمت خلق کے تحت انجام دیں اور اس سلسلہ میں غفلت ، تساہل یا لاپروائی کا مظاہرہ نہ کیا جائے ، انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل کو حل کرنا سرکاری ملازمین کی اولین ذمہ داری ہے اور اس میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و ملازمین کا محاسبہ کیا جائے گا،اس موقع پر موجود رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام نے کہاکہ عوام کے مسائل کیلئے پاکستان مسلم لیگ آفس میں ہر اتوار کو باقاعدگی سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاں پر شہری مختلف محکموں کے حوالے سے در پیش مسائل کے بارے براہ راست منتخب نمائندوںکے سامنے اپنے شکایات اور تحفظات کا اظہار کرتے ہیں جن کی روشنی میں مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جاتے ہیں، انہوں نے کہاکہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد ہی شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے اور مسلم لیگ کا وطیرہ ہی عوام کی خدمت ہے ۔