چوبیس گھنٹے چلنے والے بنیادی مراکز صحت کی سروسز میں کسی لمحہ بھی تعطل نہیں آنا چاہیے، ڈپٹی کمشنر

اتوار 12 فروری 2017 22:52

فیصل آباد۔12 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہیلتھ سیکٹر روڈ میپ کے تحت چوبیس گھنٹے چلنے والے بنیادی مراکز صحت کی سروسز میں کسی لمحہ بھی تعطل نہیں آنا چاہیے۔ اس سلسلے میں انتظامی امور کو فعال اور طبی سہولیات دستیاب ہونی چاہیں۔انہوں نے یہ بات بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

اسسٹنٹ کمشنرز بلاول ابڑو،میر محمد نواز بھروانہ،شہریار عارف،مصور خان نیازی،کنورانوارخاں،کنول بتول، چیف ایگزیکیٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر نوازش گورایہ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد،ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی آر ایس پی خالد لطیف اور بنیادی مراکز صحت کے انچارج ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بنیادی مراکز صحت بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور خصوصی طور پر 24 گھنٹے سروسز فراہم کرنے والے مراکز صحت کو دیئے گئے ٹارگٹس میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مراکز کے لیبر رومز میں ایمرجنسی ٹرے،یو پی ایس اور بے بی وارمر کی فعالیت اور دیگر طبی مشینری فنکشنل رہنی چاہیے۔انہوں نے ہدایت کی ڈلیوری کیسز میں بہترین طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت میں وزیراعلیٰ ہیلتھ روڈ میپ پروگرام کے تمام انڈیکیٹرز کو تسلسل کے ساتھ چیک اور غفلت کے مرتکب سٹاف کی نشاندہی کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے غیر حاضر اور کام چور سٹاف کے خلاف سخت ایکشن لینے کی تاکید کی اور کہا کہ ڈیوٹی میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے بعض بنیادی مراکز صحت میں جاری تعمیراتی کام کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی اور بلڈنگز افسران سے کہا کہ وہ موقع پر موجود رہ کر تعمیراتی مراحل کی نگرانی کریں اور شفافیت کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے۔اجلاس کے دوران سی ای او نے بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔