مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو دہشت گردی قرار دینا درست نہیں، میڈیا مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان

اتوار 12 فروری 2017 22:52

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء) صدر آزاد کشمیرسردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی نہیں بلکہ آزادی کی تحریک اور جدوجہد کی جا رہی ہے، کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دہشت گردی کا نام دینا غلط ہے، کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں اگر اٹوٹ انگ ہوتا تو کشمیری گذشتہ 7 دہائیوں سے آزادی کی جدوجہد کو جاری نہ رکھتے، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو بھارت نے کالے قوانین کے ذریعے پنجرے میں بند کر دیا ہے، بین الاقوامی برادری نے اب مسئلہ کشمیر پر توجہ دینا شروع کر دی ہے، اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لا کر اس کا حل تلاش کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ’’ کشمیر: انسانی حقوق کی پامالی اور بین الاقوامی برادری کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے آرٹس کونسل کے سیکرٹری پروفیسر اعجاز فاروقی، سینیٹر سلیم ضیاء، آغا مسعود حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے اس لئے اقوام متحدہ امن کیلئے مسئلہ کشمیر کو حل کروائے، مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر خطے میں کشیدگی کم نہیں ہو گی۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ 70 برس گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر کا زندہ رہنا ہماری بڑی کامیابی ہے، ہم مسئلہ کشمیر کا پر امن اور منصفانہ انداز میں حل چاہتے ہیں، جنگ اس مسئلے کا حل نہیں، کشمیری اس مسئلے کے اہم اور بنیادی فریق ہیں یہ مسئلہ ان کی مرضی سے ہی حل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام سیاسی اور دینی قوتوں کے درمیان مسئلہ کشمیر پر مکمل ہم آہنگی اور یکساں موقف ہے اس لئے ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم بھی اس حوالے سے ایک نکتے پر متحد ہو جائے۔

مظلوم کشمیری بھائیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات سے مسئلہ کشمیر کا حل ممکن نہیں پاکستان اس دیرینہ تنازعہ کے حل کے لیے بین الاقوامی سطح پر شروع کی گئی کوششیں جاری رکھے، کنٹرول لائن پر بلا اشتعال بھارتی گولہ باری کا مقصد پاکستان پر دبائو ڈال کر مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے سے روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ سے میری اپیل ہے کہ وہ ملکی سیاسی حالات کے ساتھ ساتھ کشمیر کے لیے وقت مختص کرے، مسئلہ کشمیر پاکستان کی نظریاتی سیاسی اور علاقائی مفادات کی بنیاد ہے، کشمیریوں کا حق خود ارادیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں میں محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اوراقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے بھارت پر ڈباو ڈالیں اور ریاستی دہشتگردی اور انسانیت کے خلاف جرائم پربھارت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے سید اسجد بخاری نے مہمانوں کو پھول پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :