رواں سال مو سم گرما میں شہریوں کو پا نی کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنا نے کیلئے مربوط حکمت عملی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو ہونے والی پریشانی سے چھٹکارہ مل سکے، میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کی واٹر سپلائی ونگ قبل از وقت ایسے موثر اقدامات اٹھائے تاکہ گرمی کے سخت موسم میں اسلام آباد کے تمام علاقوں تک پانی کی تسلی بخش سپلائی ممکن ہو سکے

اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیزکی سی ڈی اے حکام کو ہدایات

اتوار 12 فروری 2017 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 فروری2017ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ رواں سال مو سم گرما میں شہریوں کو پا نی کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنا نے کے لیے ایسی مربوط حکمتِ عملی بنائی جائے جس پر عملدرآمد کر کے ہر سال پانی کی قلت کے باعث شہریوں کو ہونے والی پریشانی سے چھٹکارہ مل سکے، میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کی واٹر سپلائی ونگ قبل از وقت ایسے موثر اقدامات اٹھائے تاکہ گرمی کے سخت موسم میں اسلام آباد کے تمام علاقوں تک پانی کی تسلی بخش سپلائی ممکن ہو سکے۔

وہ اتوار کو سملی ڈیم سے اسلام آباد تک پانی سپلائی کرنے والی مرکزی پائپ لائن کی تعمیر ومرمت کے کام کا جائزہ لینے کے موقع پر سی ڈی اے حکام کو ہدایات دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن و انجینئرنگ اسد محبوب کیانی کے علاوہ ایم سی آئی کے ڈپٹی میئر اعظم خان اور میئر اسلام آباد کی طرف سے بنائی جانے والی واٹر کمیٹی کے دیگر ارکان اور ایم سی آئی اور سی ڈی اے کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے سملی ڈیم سے اسلام آباد تک بچھائی جانے والی پائپ لائن بوسیدہ ہونے کے علاوہ اردگرد کی آبادی کے لوگوں کی طرف سے غیر قانونی پانی کے کنکشن اور پائپ لائن کی لیکج سے روزانہ ہزاروں گیلن پانی ضائع ہو رہا تھا جس پر انہوں نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی میئر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جس میں اسلام آباد کی چار یونین کونسلز کے چیئرمین کو ممبر بنایا گیا تاکہ پانی جیسی بنیادی ضرورت پر خصوصی توجہ دیکر اسے حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے شب و روز کام کر کے گذشتہ کئی سالوں سے حل طلب اس دیرینہ مسئلے کو حل کیا ہے انہوں نے کہ کہ محض آٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے پائپ لائن کی لیکجز کو ختم کیا گیا ہے جس کے باعث روزانہ ہزاروں گیلن یومیہ اضافی پانی شہریوں کو سپلائی کیا جا سکے گا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں سملی ڈیم سے لیکر اسلام آباد تک مرکزی پائپ لائن سے لیے گئے غیر قانونی کنکشنز کا خاتمہ کیا جائے تاکہ مزید اضافی پانی اسلام آباد کے شہریوں کو فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے مرکزی پائپ لائن سے بلاکس فیکٹریوں، ہوٹلوں، گھروں اور بالخصوص سروس اسٹیشنزکے غیر قانونی کنکشنز کاٹ کر قانونی کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سملی ڈیم سے ملحقہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کے بند حصوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ بند یونٹس کو چلانے کے لیے اس پر اٹھنے والے اخراجات کا تخمینہ لگائیں تاکہ ضروری قواعد مکمل کرنے کے بعد کام شروع کیا جا سکے۔

انہوں نے واٹر سپلائی ونگ کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ عملے اور دستیاب وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے واٹر سپلائی سسٹم کو مزید اپ گریڈ کریں تاکہ مستقبل میں پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلا م آباد میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ابتدائی طور پر پانی کے موجودہ ذخائر سے ہی استفادہ حاصل کرنے کے لیے حکمتِ عملی بنائی گئی ہے تاہم پانی کی قلت کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے غازی بروتھا ڈیم سے پانی لانے کے منصوبے پر وزیرِ اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے خصوصی دلچسپی لی ہے اور توقع ہے کہ اس منصوبے پر بہت جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد سے سملی ڈیم تک 40 کلو میٹر طویل مرکزی پائپ لائن کی لیکجز کو ختم کرنے کے لیے ہونے والے کام کا جائزہ لیا اور قائد اعظم یونیورسٹی ،بر ی امام ،بھارہ کہوبازار، ٹھال، میرا بیگوال، سری چوک اور سملی ڈیم روڈ پر ختم کی جانے والی لیکجز کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ سملی ڈیم سے اسلام آباد کو سپلائی کرنے والی 36 انچ کی دو جبکہ 48 انچ کی ایک پائپ لائن موجودہے جن میں سے ایک پائپ لائن 1970 ؁ء کی دہائی میں ڈالی گئی جبکہ باقیماندہ دونوں لائنوں کو بھی کئی سال ہو چکے ہیں۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ ڈپٹی میئر کی سربراہی میں بنائی جائے والی کمیٹی نے واٹر سپلائی ونگ کے ہمراہ مل کر آٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر و مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ اس وقت اسلام آباد کو سملی ڈیم سے 24 ملین گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جا رہا ہے تاہم پائپ لائنوں کی مرمت اور غیر قانونی کنکشنز کے خاتمے کے بعد مزید اضافی پانی کی سپلائی بھی ممکن ہو گئی ہے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ سملی ڈیم سے سپلائی کئے جانے والے پانی کے معیار کو عالمی ادارہ صحت کے مروجہ اصولوں کے مطابق بنانے کے لیے ٹریٹمنٹ پلانٹ کام کر رہا ہے۔ تاہم میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کو اپنی پوری استعداد کے مطابق کام میں لانے کے لیے مرمت طلب حصوں پر آنے والی لاگت کا تخمینہ لگایا جائے۔

انہیں بتایا گیا کہ اس وقت سملی ڈیم میں پانی کی سطح 2285 فٹ ہے جبکہ ڈیم میں پانی کی گنجائش 2315 فٹ تک ہے۔میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث جہاں زیرِ زمین پانی کی سطح بلند ہوئی ہے وہاں سملی ڈیم میں بھی کافی مقدار میں پانی آیا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ ایسی حکمتِ عملی بنائی جائے جس سے موجودہ ذخیرے کو زیادہ دیر تک استعمال میں لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال موسم گرما میں اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا تاہم انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ ایم سی آئی کے ساتھ بھر پور تعاون کرتے ہوئے پانی کے ضیاع سے گریز کریں۔ انہوں نے مرکزی پائپ لائن سے غیر قانونی کنکشنز لینے والوں کو تنبیہ کی کہ وہ از خود ان غیر قانونی کنکشنز کو ختم کر دیں بصورتِ دیگر ایم سی آئی نہ صرف ان غیر قانونی کنکشنز کو ختم کر ے گی بلکہ ضروری قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد سے سملی ڈیم تک 40 کلو میٹر طویل پائپ لائن کے علاوہ ٹریٹمنٹ پلانٹ اور سملی ڈیم کا بھی دورہ کیا اور پانی کی ٹریٹمنٹ کے مختلف مراحل کا بھی مشاہدہ کیا۔ (ار)